نیویارک: (خواجہ فاروق) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سیلاب کے نقصانات کا ذمہ دار بھارت کو قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے حمایت کا مطالبہ کردیا۔
سندھ طاس معاہدے ،پاکستان کے آبی بحران کے مسائل اور لائحہ عمل کے موضوع پر اقوام متحدہ میں اہم اجلاس ہوا۔
خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے کہا پاکستان میں سیلاب سے فصلیں تباہ ،لوگ بے گھر ہوئے، پانی کو بطورہتھیار استعمال نہ کیا جائے،یقین ہے عالمی برادری ساتھ کھڑی ہوگی، موجودہ دور میں واٹر سکیورٹی اہم چیلنج ہے،بھارت کے سندھ طاس معاہدے جیسے اقدامات نے عالمی یقین دہانیوں کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ،قانون کے تحت بھارت سندھ طاس معاہدے کے تحت ڈیٹا شیئرکرنے کا پابند ہے۔
عاصم افتخار نے کہا اسرائیل نے قطرپر بلااشتعال حملہ کیا، اسرائیلی جارحیت عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، دانستہ طورپر مذاکرات میں ثالث پر حملہ کیاگیا، قطر پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان مسئلہ فلسطین کے دوریاستی حل کی حمایت کرتا ہے۔
اسرائیلی نمائندے کے ریمارکس کے جواب میں عاصم افتخار نے کہا شاید بحث میں تمام کونسل اراکین و دیگر مقررین کی بات توجہ سے نہیں سنی،ناقابل قبول ہے جارح، قابض، اقوامِ متحدہ چارٹرو بین الاقوامی قانون کا مسلسل خلاف ورزی کرنے والا ملک اسرائیل ایوان کا غلط استعمال اور کونسل کے تقدس کی توہین کرے،پہلا موقع نہیں دوسروں پر انگلیاں اٹھانا ، بے بنیاد الزامات لگانا دراصل اپنی ہی غیر قانونی کارروائیوں و بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں کو چھپانے کی کوشش ہے،کسی غیر ذمہ دار بدنامِ زمانہ ریاست کی اشارہ بازی کو قبول نہیں کر سکتے۔
سیلاب کے نقصانات کا ذمہ دار بھارت،عالمی برادری آبی دہشتگردی روکنے میں ساتھ دے،عاصم افتخار
















