تھانہ فیکٹری ایریا کی غفلت، ایک ماہ بعد بھی چوری کے ملزم پکڑے نہ جاسکے

لاہور (کرائم رپورٹر) تھانہ فیکٹری ایریا شیخوپورہ پولیس کی مجرمانہ غفلت اور نااہلی نے ایک بار پھر عوام کو عدم تحفظ کا شکار کر دیا۔ الرحمان گارڈن فیز ٹو میں چوری کی بڑی واردات کو ایک مہینہ گزر گیا مگر پولیس تاحال ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے۔ نہ کوئی گرفتاری ہوئی اور نہ ہی شہری کا ایک پائی کا نقصان پورا ہو سکا۔ متاثرہ شہری ساجد حسین شاہ کے مطابق 9 اگست کو وہ اپنے اہل خانہ سمیت گھر کو تالا لگا کر گئے تھے۔ 11 اگست کو واپسی پر دیکھا تو گھر کا مین دروازہ کھلا ہوا تھا، اوپر والے پورشن میں کمروں کا سامان بکھرا پڑا تھا اور الماریوں کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے کے زیورات، نقدی اور موبائل فون چرا لئے گئے تھے۔ اطلاع ملتے ہی 15 پر کال کی گئی تو چوکی نور شاہ کی پولیس پہنچی، معمول کی کارروائی کی اور ایف آئی آر درج کر لی لیکن اس کے بعد سے پولیس کی کارکردگی مکمل طور پر زیرو ہے۔ متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج ہوئے ایک مہینہ ہو چکا ہے مگر پولیس نے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا۔ ہر بار تھانے کے چکر لگوائے جاتے ہیں، کبھی تفتیشی افسر کا بہانہ بنایا جاتا ہے تو کبھی ملزمان کی تلاش کی لوری سنائی جاتی ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اب تک کچھ بھی نہیں کیا گیا۔ شہری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی نااہلی کے باعث وہ لاکھوں روپے کے نقصان کے بعد انصاف کیلئے دربدر ہے۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ پولیس چوروں کے سامنے بے بس نظر آتی ہے۔ دن بدن بڑھتی چوری کی وارداتوں نے عوام کو شدید عدم تحفظ میں مبتلا کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی کارکردگی صرف اخباری بیانات اور پریس کانفرنسوں تک محدود ہے، جبکہ عملی میدان میں کارکردگی صفر ہے۔ ”پولیس والے واردات کے بعد بس تصویریں بنوانے آتے ہیں، جیسے یہ فلم کا کوئی سین ہو اور وہ صرف کیمرے کیلئے ڈائیلاگ بولنے آئے ہوں۔“علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ فیکٹری ایریا پولیس کی مجرمانہ غفلت کا فوری نوٹس لیا جائے، نااہل اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور متاثرہ شہری کو انصاف دلایا جائے۔ شہریوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر پولیس کی یہی رفتار رہی تو چوروں کو ہی بھرتی کر کے تھانے میں بٹھا دینا چاہیے تاکہ کم از کم عوام کو یہ تو پتہ ہو کہ واردات کے بعد کس کمرے میں جا کر ملزمان کو سلام کرنا ہے۔