راولپنڈی،اسلام آباد،کوئٹہ: (بیورورپورٹ) مہمند، بنوں اور شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ،بھارتی حمایت یافتہ 19خوارج جہنم واصل،بلوچستان میں سی ٹی ڈی،حساس اداروں کی کارروائی میں 4 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں خفیہ معلومات پر 9 ،10 ستمبر کوکی گئیں ،19 خوارج منطقی انجام کو پہنچے،ضلع مہمند کے علاقے گولونو میں دہشتگردوں کے ٹھکانے پر موثر کارروائی میں 14 ،شمالی وزیر ستان کے عمومی علاقے دتہ خیل 4،بنوں میں ہونےوالے مقابلے میں ایک خارجی مارا گیا،سکیورٹی فورسز نے اسلحہ و بارود بھی برآمد کرلیا،ہلاک ہونےوالے خوارج دہشتگردی کی کئی وارداتوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کےلئے پرعزم ہیں،ناسور کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے، بھارتی سرپرستی میں کام کرنےوالے دہشتگردوں کا مکمل صفایا کیا جائےگا۔
دریں اثنا صدر،وزیراعظم ،وزیر داخلہ نے خیبرپختونخوا میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی،پاک فوج کے افسر وجوان فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے دن رات مصروف عمل ہیں، دفاع وطن کے غیر متزلزل عزم میں پوری قوم افواج پاکستان کےساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے،بہادر سکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا،کامیابیوں کو قوم تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے،عوام کی حمایت سے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کریں گے۔
دوسری جانب پشین میں کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ،حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 4 اہم دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی ،دہشتگردوں کےساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا،ہلاک ہونے والے متعدد سنگین جرائم ،چمن روڈ پر فرنٹیئر کور کے ٹرک ،لیویز افسر کے قتل و پولیس اہلکاروں پر حملے میں ملوث تھے،برآمد ہونے والے اسلحے میں 2 کلاشنکوف رائفلیں، 2 نائن ایم ایم پستول، 2 دستی بم، ڈیٹونیٹر، پریما کارڈ و دیگر بارودی مواد شامل ہے، تمام اشیا دہشتگردوں کی مزید کارروائیوں کی تیاری کا حصہ تھیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے کہاکارروائی بلوچستان میں امن و امان کی بحالی کےلئے جاری آپریشنز کا حصہ ہے،عوام سے اپیل ہے مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر اداروں کو دیں تاکہ صوبے میں امن قائم رہے۔
ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہاسی ٹی ڈی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنائے، بلوچستان کے عوام سکیورٹی اداروں کےساتھ کھڑے ہیں،صوبے کے ہر کونے میں دیرپا امن کے قیام کےلئے اقدامات جاری رہیں گے، دہشتگردوں ،سہولت کاروں کو قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائےگا، بحالی امن کےلئے عوامی تعاون سب سے بڑی قوت ہے۔
کے پی ،بھارتی حمایت یافتہ 19خوارج جہنم واصل،بلوچستان ،4 دہشتگرد ہلاک
















