پاکستان ،یو اے ای منشیات کےخلاف مشترکہ کارروائیوں پر متفق


اسلام آباد: (بیورورپورٹ) پاکستان،یواے ای نے منشیات کےخلاف مشترکہ کارروائیوں پر اتفاق کرلیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی سے متحدہ عرب امارات کی نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے چیئرمین شیخ زید بن حماد بن حمدان النہیان نے ملاقات کی، وزارت داخلہ آمد پر محسن نقوی نے خیرمقدم کیا،باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ،انسداد منشیات میںتعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

پاکستان نے ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید اور متحدہ عرب امارات نے بریگیڈیئر طاہر کو نمائندہ خصوصی مقرر کردیا،محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات میں نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے قیام کو سراہا اور شیخ زید بن حماد بن حمدان النہیان کو نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کا پہلا چیئرمین بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہامتحدہ عرب امارات میں نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے قیام سے دونوں ممالک کے مابین انسداد منشیات کے شعبے میں تعاون کو فروغ ملے گا۔

وزیر داخلہ نے شیخ زید بن حماد بن حمدان النہیان کو انسداد منشیات میں اشتراک کار کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا پاکستان منشیات کےخلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے، مکروہ کاروبار سے منسلک عناصر کےساتھ آہنی ہاتھوں نمٹا جا رہا ہے،متحدہ عرب امارات میں منشیات سمگل کرنے میں ملوث 400 ملزموں کو گرفتار کیا گیا اور 5 ٹن منشیات پکڑی ،کامیابی مشترکہ کاوشوں ،معلومات کے بروقت تبادلے سے ہی ممکن ہوئی ،منشیات کےخلاف جنگ نسلوں کی جنگ ہے ،ہار کوئی آپشن نہیں۔

شیخ زید بن حماد بن حمدان النہیان نے کہا متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھی ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، باہمی تعاون کو مضبوط تر بنانا ہے تاکہ آئندہ نسوں کو بہتر مستقبل فراہم کر سکیں۔