امیر قطر سے ملاقات ،اظہار یکجہتی،اسرائیلی جارحیت کو روکنا، اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا، شہباز


اسلام آباد،دوحہ:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)وزیراعظم شہبازشریف کاہنگامی دورہ دوحہ،امیر قطر سے ملاقات،اسرائیلی حملے کی شدید مذمت،قطری قیادت ، عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔

شہباز شریف نے دوحہ کا ایک روزہ دورہ کیا، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی، وزیراعظم نے اسرائیلی حملے کوقطر کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہاپاکستان مشکل وقت میں قطر کےساتھ کھڑا ہے ،دونوں ممالک کے تاریخی برادرانہ تعلقات ہمیشہ مضبوط رہیں گے،اسرائیلی حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے ،زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔

وزیراعظم نے کہا پاکستان کی قیادت اور عوام کو برادر ملک قطر کےخلاف حملے پر سخت تشویش ہے،اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکا جائے ،امت مسلمہ کو ااتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا،غزہ میں قیام امن کےلئے قطر کے تعمیری ثالثی کردار کو سراہتے ہیں،اسرائیل کی اشتعال انگیز کارروائیاں علاقائی استحکام و سفارتی کوششوں کےلئے بڑا خطرہ ہیں،پاکستان مشکل وقت میں امیر قطر، شاہی خاندان اوربرادر عوام کےساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہے گا۔

شہباز شریف نے کہا قطر کی درخواست پر پاکستان نے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تجویز دی ،قطر کے غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے فیصلے کا بھی خیر مقدم کیا،امیر قطر نے اظہار یکجہتی کےلئے دوحہ کا دورہ کرنے کے پر وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا،ملاقات میںعلاقائی امن کو فروغ دینے، بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت میں قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر اتفاق کیاگیا۔

قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورہ پر قطر پہنچے ،نائب وزیراعظم و وزیر مملکت برائے دفاع شیخ سعود بن عبد الرحمن بن حسن الثانی نے استقبال کیا۔

دریں اثنا قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہااسرائیلی حملے نے یرغمالیوں کی رہائی کیلئے تمام امیدیں ختم کر دیں، بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی پرنیتن یاہو کوکٹہرے میں لایا جانا چاہیے،حماس پر اسرائیلی حملے نے یرغمالیوں کا مستقبل مزید تاریک کر دیا اب رہائی تقریباً ناممکن ہوگئی۔

دوسری جانب اسرائیلی حملے کے بعد دوحہ میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس طلب کرلیاگیا،اجلاس کی میزبانی قطر کرےگا،اسرائیلی حملے پر بات چیت کی جائےگی،علاوہ ازیںاسرائیلی حملے میں شہید ہونیوالے افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی،ہزاروں افراد نے شرکت کی، نماز جنازہ کے بعد اسرائیل کیخلاف شدید احتجاج ،فلسطینیوں کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔