برطانوی معاونت، انسداد منشیات کےلئے جدید ڈیجیٹل سسٹم کا آغاز

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)برطانیہ کی معاونت سے تیار کردہ جدید ڈیجیٹل کیس مینجمنٹ سسٹم (سی ایم ایس) کا باقاعدہ افتتاح ،اے این ایف منشیات کے مقدمات کو کاغذی کارروائی کی بجائے مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے موثر و تیز تر انداز میں نمٹا سکے گا،سی ایم ایس کی مدد سے کیس رجسٹریشن، شواہد کے ریکارڈاور لیبارٹری نتائج کو ڈیجیٹل انداز میں منسلک کیا جائےگا۔

سسٹم کا پائلٹ منصوبہ فروری 2025 میں شروع کیا گیا اور اب ملک بھر میں اے این ایف کے تمام ریجنل ہیڈکوارٹرز ،پولیس سٹیشنز تک وسعت دےدی گئی،سسٹم ڈیٹا کی درستگی، تاخیر میں کمی اور بروقت کارروائی کو ممکن بنائے گا۔

تقریب میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی، اے این ایف کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عبدالمعید ، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈو دیگر شراکت دار اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا اقدام پاکستان کےساتھ سنگین و منظم جرائم کےخلاف تعاون مضبوط کرنے کی پختہ وابستگی کا عکاس ہے،سسٹم قانون نافذ کرنےوالے اداروں کو مزید موثر ،پاکستان و برطانیہ دونوں کو فائدہ پہنچائے گا۔

محسن نقوی نے کہا ڈیجیٹل تبدیلی اے این ایف کو زیادہ موثر طریقے سے بڑے پیمانے پر منشیات مقدمات نمٹانے کے قابل بنائے گی،تعاون کو اپنی سرحدوں اور کمیونٹیز کے تحفظ کی کوششوں کا سنگ بنیاد سمجھتے ہیں،سی ایم ایس کی بدولت ڈیٹا شیئرنگ، سست رپورٹس اور علیحدہ علیحدہ ریکارڈز جیسے مسائل حل ہوں گے۔