اسلام آباد: (بیورورپورٹ)کے پی حکومت کی پالیسی،سیاسی اختلافات دہشتگردی کے خاتمے میں رکاوٹ، عالمی جریدے دی ڈپلومیٹ نے رپورٹ جاری کردی۔
دی ڈپلومیٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی میں کامیابی کا انحصار تمام اختلافات سے بالاترہو کرقومی اتحاد میں مضمرہے، خیبرپختونخوا حکومت کی وفاق سے مختلف پالیسی دہشتگردی کے خاتمے میں بڑاچیلنج ہے،پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد جیسے کامیاب آپریشنز کیے، پی ٹی آئی دور حکومت میں فتنہ الخوارج سے مذاکرات ،واپسی کی غلط پالیسی نے دہشتگردوں کوحوصلہ دیا۔
رپورٹ میں کہا گیاپاکستان کی انسداد دہشتگردی کےخلاف کوششیں سیاسی اختلافات سے متاثر ہو رہی ہیں، خیبر پختونخوا حکومت وفاقی پالیسیوں سے ہٹ کر الگ راستہ اختیار کئے ہوئے ہے،وفاق ،خیبر پختونخوا حکومت کی متضاد حکمت عملی نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا۔
دی ڈپلومیٹ کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت اب بھی مذاکرات ومحدود کارروائیوں پر زور دے رہی ہے،افغان حکومت نے سینکڑوں فتنہ الخوارج کے حمایتوں کوحکومتی ڈھانچے میں شامل کیا، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے فتنہ الخوارج کے خاتمے کےلئے افغان حکومت کے اقدامات کو غیر سنجیدہ قرار دیا،غیرقانونی افغان مہاجرین کی واپسی پر بھی وفاق ،خیبرپختونخوا میں اختلافات ہیں، وفاق کا موقف ہے غیر قانونی مہاجرین دہشت گردوں کےلئے سہولت کاری کا کردار اداکر رہے ہیں، دہشتگرد بدامنی اورسیاسی اختلافات سے ہی فائدہ اٹھاتے ہیں،وفاق کی ہدایات کو نظر انداز کرنا خیبر پختونخوا کو شدت پسند لہر سے نہیں بچا سکتا۔
سیاسی اختلافات دہشتگردی کے خاتمے میں رکاوٹ ہیں،دی ڈپلومیٹ
















