اسلام آباد :(بیورورپورٹ)قومی بیانیے کی تشکیل کےلئے ”قومی پیغام امن کمیٹی“ قائم ،وزارت اطلاعات و نشریات نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
اعلامیے میں کہا گیا قومی پیغام امن کمیٹی کو ذمے داری دی گئی ہے انتہا پسندی، دہشتگردی، فرقہ واریت ،نفرت انگیز تقاریر کے خاتمے کےلئے قومی سطح پر متفقہ بیانیہ تیار کرے۔
وزیر اطلاعات و نشریات کی سربراہی میں قائم کردہ کمیٹی میں مختلف مکاتب فکر کے جید علما، مشائخ، اقلیتوں کے نمائندگان ،متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام ،سینیٹر حافظ عبدالکریم، مفتی عبدالرحیم، علامہ عارف واحدی، پیر نقیب الرحمان، علامہ حسین اکبر ،راغب نعیمی شامل ہیں،مولانا طاہر محمود کو کمیٹی کا کوآرڈینیٹر مقرر کردیا گیا مولانا طیب پنج پیری ،علامہ ضیا شاہ بخاری،صوبائی و علاقائی پیغام امن کمیٹیوں کے کوآرڈینیٹرز، منظور شدہ مدارس بورڈز کے نمائندگان، وزارت داخلہ ،مذہبی امور کے ایڈیشنل سیکرٹریز ،ڈائریکٹر جنرل مذہبی تعلیمات بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
بشپ آزاد مارشل، راجیش کمار ہرداسانی اور سردار رمیش سنگھ اروڑہ اقلیتوں کی نمائندگی کریں گے،نوٹی فکیشن کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات کے ڈائریکٹر جنرل انٹرنل پبلسٹی ونگ کمیٹی کے سیکرٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے،کمیٹی پہلی میٹنگ میں تفصیلی ضوابط کار (ٹی او آرز) مرتب کرے گی اور بعد ازاں ضوابط نیشنل کمیٹی آن نیریٹو بلڈنگ کی منظوری کےلئے پیش کیے جائیں گے۔
دہشتگردی کاخاتمہ،قومی بیانیے کی تشکیل کیلئے ”قومی پیغام امن“ کمیٹی قائم
















