اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپر ٹیکس کیس کی سماعت کے دوران ججز ، وکلا کے درمیان بحث میں سخت سوالات سامنے آئے۔
ایف بی آر کے وکیل نے مو¿قف اختیار کیا سندھ ہائیکورٹ نے اپنا فیصلہ سابقہ عدالتی فیصلوں کی بنیاد پر دیا،سپر ٹیکس صرف ان اداروں پر لاگو کیا گیا جن کی آمدن 300 ملین روپے سے زائد ہے،ٹیکس 15 منتخب شعبوں پر لگایا اور کسی کمپنی نے اب تک مالی استطاعت نہ ہونے کا جواز پیش نہیں کیا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے پارلیمان نے ٹیکس دہندگان میں تفریق کیوں رکھی؟ ٹیکس کا بنیادی مقصد حکومتی آمدن میں اضافہ ہوتا ہے مگر ایسے اقدامات سے ٹیکس دینے والوں کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے اور وہ سرمایہ بیرون ملک منتقل کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں،فیصلوں میں ٹیکس تفریق کی وجوہات واضح نہیں کی گئیں ،خلا کو پر کرنا ضروری ہے،جسٹس علی مظہر نے کہا ٹیکس کا اصل بوجھ بالآخر صارف ،عام آدمی پر ہی منتقل ہوتا ہے،چاہے سیمنٹ کی بوری ہو یا ایل این جی کا ایک بوجھ، اثر عوام ہی پر پڑتا ہے، عوام کےلئے سہولتیں پیدا کی جائیں گی تو کاروبار آگے بڑھے گا بصورت دیگر مشکلات برقرار رہیں گی۔
وکیل عاصمہ حامد نے موقف اپنایا سندھ ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے سناتے وقت کوئی ڈیٹا طلب نہیں کیا،جسٹس مندوخیل نے کہا مقدمہ صرف اتنا ہے آخر ٹیکس دہندگان میں فرق کیوں رکھا گیا ،سوال کا تسلی بخش جواب دیا جانا لازمی ہے،دوران سماعت نکتہ اٹھایا گیا انکم ،سپر ٹیکس کی تعریفیں الگ ہیں اور ٹیکس دیگر محصولات کےساتھ ہی متعارف کرایا گیا تھا، ججز نے زور دیا جب تک پالیسی کی وجوہات واضح نہ ہوں، ٹیکس دہندگان میں تفریق کی قانونی حیثیت سوالیہ نشان رہے گی۔
سپر ٹیکس کیس ،ججز اور وکلا کے درمیان بحث میں سخت سوالات
















