چین جامع مذاکرات کی نگرانی کرے، شہباز،مدد جاری رکھیں گے،شی جن

بیجنگ: (شنہوا)وزیر اعظم شہباز شریف کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات ،دونوں رہنماﺅں نے آہنی و ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کےلئے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ،صدر شی جن پنگ نے کہا چین اقتصادی ترقی کے تمام شعبوں میں پاکستان کی مدد جاری رکھے گا، سی پیک کے تحت اہم ترین اقتصادی شعبوں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد ،فسطائیت مخالف جنگ میں فتح کی 80ویں سالگرہ پرمبارکباد دی۔

شہباز شریف نے کہا صدر شی جن پنگ کی بصیرت و قیادت کی بدولت چین نے جدیدیت و ترقی کی منازل طے کیں، پاکستان کو چین کی کامیابیوں پر بہت فخر ہے ،عظیم سفر میں بیجنگ کےساتھ ملکر کام کرنے کےلئے ہمیشہ تیار رہےں گے،چین جنوبی ایشیا میں جامع مذاکرات کی نگرانی کرے، تاکہ مذاکرات کے ثمرات پاکستان کو مل سکیں، بلوچستان ،خیبرپختونخوا میں دہشتگردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔

وزیراعظم نے علاقائی سالمیت، خودمختاری ،سماجی و اقتصادی ترقی کےلئے چین کی غیر متزلزل حمایت ،صدر شی چن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے اہم منصوبے کے طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اہمیت کو سراہا اور سی پیک کے اپ گریڈ شدہ اگلے مرحلے میں 5مزید راہداریوں کے کامیاب نفاذ کےلئے چین کےساتھ ملکر کام جاری رکھنے کی خواہش کا اعادہ کیا،شہبازشریف نے کہا پاکستان صدر شی جن پنگ کے تاریخی اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے ،گلوبل گورننس ، ڈویلپمنٹ ،سکیورٹی اقدام اور گلوبل سولائزیشن اقدام شامل ہیں،اقدامات اجتماعی عالمی بھلائی کےلئے ضروری ہیں اور علاقائی و عالمی امن، استحکام اور ترقی میں معاون ثابت ہوں گے۔

صدر شی جن پنگ نے کہا چین اقتصادی ترقی کے تمام شعبوں میں پاکستان کی مدد جاری رکھے گا، سی پیک کے تحت اہم ترین اقتصادی شعبوں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے،دہشتگردی کےخلاف جنگ میں چین پاکستان کی حمایت کرتا ہے، امید ہے پاکستان چینی عملے، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت یقینی بنانے کےلئے موثر اقدامات کرے گا،ملاقات میں رہنماوں نے اتفاق کیا دونوںممالک کے درمیان تعلقات منفرد و بے مثال ہیں ،عکاسی دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے ذریعے ہونی چاہئے،وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کو اگلے سال پاک چین دوستی کی 75ویں سالگرہ کے موقع کے پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کےلئے اپنی انتہائی پرخلوص دعوت کی تجدید کی،ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔