غذر میں سینکڑوں جانیں بچانے والے چرواہے وزیراعظم ہاﺅس طلب

اسلام آباد ،گلگت :(بیورورپورٹ)غذر میں سینکڑوں افراد کی جانیں بچانے والے 3 چرواہوں کو وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد مدعو کرلیا۔

ترجمان گلگت حکومت کے مطابق وصیت خان ودیگر ساتھیوں کو وزیر اعظم ہاوس بلایا گیاتاہم فلائٹ منسوخ ہونے کی وجہ سے چرواہے اسلام آباد نہیں پہنچ سکے،فلائٹ منسوخ ہونے کے بعد تینوں چرواہے بذریعہ سڑک اسلام آباد روانہ ہوں گے۔

دوسری جانب وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے 300 انسانی جانیں بچانے والے گلگت بلتستان کے ہیروز کو اسلام آبادآنے کی دعوت دیدی ،وصیت ،انصار ،ایم خان کو وزیر اعظم خصوصی انعام سے نوازیں گے۔

شہبازشریف نے کہا تینوں نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کردی ،مجھ سمیت پوری قوم کو گلگت بلتستان کے ہیروز پر فخر ہے،ادھر ترجمان گلگت حکومت نے کہاچرواہے سیلاب کی پیشگی اطلاع نہ دیتے تو تالی داس حادثہ رواں سال کا سب سے تباہ کن واقعہ ہوتا۔