اسلام آباد (مشرق نیوز) کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں اور ملک بھر میں مون سون کے نئے اسپیل کے بعد موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، شہر قائد میں صبح سویرے بارش کے بعد حبس کا زور ٹوٹ گیا، ملک بھر میں بارشوں کے بعد طغیانی اور سیلابی صورت حال دیکھی جارہی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق منگل کی صبح شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، گلشن حدید، شاہ لطیف ٹاون، قائد آباد، لانڈھی، کورنگی، ڈیفنس، کلفٹن، آئی آئی چندریگر روڈ، کلب روڈ، شاہراہ فیصل، گلستان جوہر، گلشن اقبال، ایئرپورٹ، یونیورسٹی روڈ، موسمیات اور صفورا میں بادل برس پڑے۔
کراچی میں معمولی بارش کے بعد سٹیڈیم روڈ، یونیورسٹی روڈ، صدر اور دیگر علاقوں میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، یونیورسٹی روڈ پر نیوٹاون پولیس سٹیشن کے اطراف سڑکوں پر فٹ پاتھ تک پانی موجود ہے جبکہ جیل چورنگی تا پیپلز چورنگی سڑک پانی میں ڈوبنے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بعض اضلاع میں بھی بارشوں کا آغاز ہوگیا، محکمہ موسمیات کی جانب سے دادو، بدین، حیدر آباد، شکارپور، کشمور، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، اسلام کوٹ، نگرپارکر، خیرپور، نوشہرو فیروز، لاڑکانہ، جیکب آباد، سکھر، گھوٹکی، تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی، ٹھٹہ سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ملک بھر میں موسلادھار بارشیں، عالمی برادری کا نقصان پر اظہار افسوس



















