بروقت انصاف آئینی حق ،مصنوعی ذہانت کو استعمال کیا جائے، سپریم کورٹ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے کہاہے انصاف کی فراہمی میں تاخیر کے سدباب کیلئے مصنوعی ذہانت کا استعمال اہم ہے،جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عائشہ ملک نے 14 سال پرانے نیلامی کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

عدالت نے کہا 14 سال گزرنے کے بعد درخواست گزار کو کیا ابھی موثر ریلیف مل سکتا ہے؟، کیس 10 سال تک پشاور ہائیکورٹ میں زیر التوا رہا، 2022 سے کیس سپریم کورٹ میں ہے مگر لگا نہیں،محض انتظامی نہیں، آئینی معاملہ ، بروقت انصاف شہریوں کا آئینی حق ہے،14 سال پرانے تنازع پر اب درخواست گزار نہ کوئی نمائندہ عدالت پیش ہوا، درخواست عدم پیروی پر خارج کی جاتی ہے۔

تحریری فیصلے میں سپریم کورٹ نے کہا انصاف میں تاخیر محض انصاف سے انکار نہیں بلکہ اکثر اوقات انصاف کے خاتمے کے مترادف ہوتی ہے، انصاف میں تاخیر عوام کے عدلیہ پر اعتماد کو مجروح ،قانون کی حکمرانی کو کمزور کرتی ہے،انصاف میں تاخیر سے کمزور و پسماندہ طبقات طویل عدالتی کارروائی کا خرچ برداشت نہیں کرسکتے، انصاف کی فراہمی میں تاخیر سرمایہ کاری کو روکتی ، عدلیہ کی ادارہ جاتی ساکھ کو کمزور کرتی ہے۔

عدالت نے کہا پاکستان بھر کی عدالتوں میں 22 لاکھ سے زائد مقدمات زیر التوا ہیں، تقریباً 55 ہزار 941 سپریم کورٹ میں ہیں، عدالت کو بطور ادارہ جاتی پالیسی و آئینی ذمہ داری فوری طور پر جدید، جوابدہ، سمارٹ کیس مینجمنٹ نظام کی طرف منتقل ہونا ہوگا۔