کے پی ،سیلاب سے تباہی،300سے زائد اموات،امدادی ہیلی کاپٹر کریش،5افراد شہید

پشاور،اسلام آباد،گلگت،مظفر آباد:(بیورورپورٹ)کے پی میں کلاوڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں سے تباہی،300سے زائد افراد جاں بحق،باجوڑ میں امدادی ہیلی کاپٹر کریش،پائلٹس سمیت 5افراد شہید،صوبائی حکومت نے ہفتے کو سوگ کااعلان کردیا،قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

صرف بونیر میں 120سے زائد افراد جاں بحق ،کئی لاپتہ ہو گئے،کلاﺅڈ برسٹ کے بعد سیلاب کئی گاوں بہا لے گیا،مکینوں کے آشیانے گرگئے،جانور ،گاڑیاں بھی بہہ گئیں ،بونیر میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی،سوات میں بپھرا دریا راستے میں آنے والی ہر چیز تنکوں کی طرح بہا لے گیا، مینگورہ سے گزرنےوالی ندی کا پانی گھروں میںجاگھسا،پانی کے ریلے رابطہ پلوں تک جاپہنچے۔

باجوڑ میں کلاوڈ برسٹ کے بعد سیلاب و لینڈ سلائیڈنگ سے متعددافراد جان سے گئے، مانسہرہ کے گاوں ڈھیری حلیم میں رات گئے کلاوڈ برسٹ کے بعد سیلابی ریلے میں بہنے والے 16 افراد کی لاشیں بٹگرام سے نکال لی گئیں، بونیر، باجوڑ، مانسہرہ اور بٹگرام کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا،ریسکیو حکام کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے علاقے جبراڑئی میں سیلابی ریلے سے متعدد گھر تباہ ، رابطہ سڑکیں ،پل پانی میں بہہ گئے۔

دریں اثنا خیبرپختونخوا حکومت کا امدادی ہیلی کاپٹرکریش ہونے سے پائلٹ سمیت 5 افراد شہید ہوگئے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا باجوڑ کے بارشوں سے متاثرہ علاقوں کےلئے امدادی سامان لے جانے والا صوبائی حکومت کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر خراب موسم کی وجہ سے کریش کر گیا،افسوسناک حادثے میں 2پائلٹ سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہوئے، سوگ منائیں گے،قومی پرچم سرنگوں رہے گا،شہدا کی میتوں کو پورے سرکاری اعزاز کےساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

علی امین گنڈا پور نے کہا دوسروں کی جانیں بچانے کےلئے اپنی جانیں قربان کرنے والے اصل ہیرو ہیں، قربانی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائے گی۔

ادھرپی ڈی ایم اے کے مطابق بٹگرام، باجوڑ ،مانسہرہ میں بادل پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں مختلف حادثات میں200سے زائد افراد لقمہ اجل بنے،کئی لاپتہ ہیں،جاں بحق افراد میں 163 مرد، 12 بچے ،14 خواتین شامل ہیں،بارشوں ،فلش فلڈ سے 71 گھروں کو نقصان پہنچا،7 گھر مکمل ،64 مکان جزوی تباہ ہوئے، 3 سکولوں کو بھی نقصان پہنچا،حادثات باجوڑ، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، سوات، بونیر ،شانگلہ کے اضلاع میں پیش آئے، سب سے زیادہ نقصان ضلع باجوڑ ،بٹگرام میں ہوا۔

رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم اے نے پہلے ہی تمام ضلعی انتظامیہ کو خراب موسم کا الرٹ جاری کرتے ہوئے پیشگی اقدامات کی ہدایت کی تھی، موجودہ صورتحال کے پیش نظر متاثرہ اضلاع میں امدادی کام تیز اور متاثرہ افراد کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردیں،تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی سیاحتی مقامات کی بند سڑکیں ،منقطع رابطہ سڑکیں فوری طور پر بحال کرنے کےلئے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں۔

مزید برآں پاک فوج سوات اور باجوڑ میں سیلابی صورت حال سے متاثرہ اضلاع میں فلڈ ریلیف آپریشن میں مصروف ہے،ہیلی کاپٹر کے ذریعے لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کےساتھ راشن اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں،پاک فوج کی ٹیموں کے آتے ہی پاک فوج زندہ باد کے نعرے بلند کیے گئے۔

علاوہ ازیں گلگت ،آزاد کشمیر میں بھی کلاوڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوںنے تباہی مچائی،متعدد افراد جاں بحق ،کئی مقامات پر شاہراہیں بند ،بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی،متعدد پل، رابطہ سڑکیں ،مکانات تباہ ہو گئے، وادی نیلم میں کلاوڈ برسٹ سے کئی پل ،گیسٹ ہاوسز بہہ گئے ۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب کی صورتحال کے جائزے کیلئے ہنگامی اجلاس بلایا،چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملک کے بالائی حصوں میں کلاﺅڈ برسٹ، فلیش فلڈز سے ہونے والے نقصانات و ریسکیو و ریلیف آپریشن پر بریفنگ دی۔

شہبازشریف نے این ڈی ایم اے کو خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت ،پی ڈی ایم اے کےساتھ تعاون جاری رکھنے، ریسکیو و ریلیف آپریشن میں تمام تر تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاصوبائی حکومت کو خیمے، ادویات، اشیائے خورونوش و دیگر امدادی سامان فوری پہنچایا جائے،چیئرمین این ڈی ایم اے ترجیحی بنیادوں پر امدادی سامان کو ٹرکوں کے ذریعے فوری بھیجیں،سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں و سیاحوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جائے۔

مزید برآں وزیراعظم نے گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی،وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کو فون کرکے کلاﺅڈ برسٹ اور فلیش فلڈز کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہااین ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے صوبائی حکومت کی ریسکیو و ریلیف آپریشن میں ہر قسم کی معاونت کریں،وفاق صوبائی حکومت کی ہر قسم کی مدد کرےگا،ادویات، خیمے اور اشیائے خورونوش بھیج رہے ہیں،مشکل کی گھڑی میں تمام تر ہمدردیاں متاثرین کےساتھ ہیں۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا وزیراعظم شہباز شریف سیلابی صورتحال سے آگاہ ہیں اور چیئرمین ایم ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کو خیبر پختونخوا ،آزاد کشمیر کی حکومتوں سے مسلسل رابطہ رکھنے و امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

عطا تارڑ نے کہا وزیراعظم ہاوس میں خصوصی سیل بھی قائم کردیا،سیل این ڈی ایم اے سے 24 گھنٹے رابطے میں ہے، حالیہ بارشوں و سیلابی صورتحال کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے 3 مرتبہ این ڈی ایم اے کا دورہ کر کے ذاتی طور پر ریسکیو و ریلیف اقدامات کا جائزہ لیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا حکومت کا فوکس ریلیف و ریسکیو اقدامات پر ہے، خیبر پختونخوا میں جاری ریسکیو ، ریلیف آپریشن میں تمام ادارے وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، انسانی جانوں کو محفوظ بنانے کےلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، این ڈی ایم اے کے پیشگی آگاہی نظام سے خیبر پختونخوا سمیت تمام صوبائی حکومتوں کو باقاعدگی سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے،این ڈی ایم اے کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر 24گھنٹے فعال اور صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔