پاک چین دوستی کونئی بلندیوں پر لے جائیں گے،وزیراعظم


اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے چین ،پاکستان کی دوستی دنیا میں منفرد مقام رکھتی ، دونوں ممالک ہر مشکل میں ایک دوسرے کےساتھ کھڑے رہے ہیں ، اقتصادی تعلقات میں اضافہ باعث اطمینان ہے ،خواہش ہے چینی صنعتیں پاکستان میں اپنے یونٹس لگائیں۔

شہباز شریف سے چینی گارمنٹس گروپ ”چیلنج فیشن پرائیویٹ لمیٹڈ“کے وفد نے ملاقات کی،وزیراعظم نے کہا حکومت پاک چین دوستی کو نئی بلندیوں پر لےجانے کی خواہاں ہے،چیلنج فیشن گروپ کے پاکستانی مارکیٹ پر اعتماد کو سراہتے ہیں ،چیلنج گروپ کی جانب سے پاکستان میں خصوصی اقتصادی زون کا خیر مقدم کرتے ہیں ،اقتصادی زون کے ذریعے ٹیکنالوجی ٹرانسفر ، سکل ڈویلپمنٹ اور پائیدار صنعتی ترقی میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے خصوصی اقتصادی زون کیلئے چیلنج گروپ کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاچین پاکستان اقتصادی راہداری کے صنعتی حصے کے فروغ کےلئے پر عزم ہیں،پاکستان ٹیکسٹائل شعبے میں چین کی ترقی و مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے،بیجنگ میں جلد ہی چین پاکستان بزنس ٹو بزنس کانفرنس ہوگی ،کانفرنس چین ،پاکستان کے نجی کاروباری اداروں کو اشتراک کا ایک موقع فراہم کرے گی۔

چیئرمین چیلنج فیشن گروپ نے پاکستان میں شاندار میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاگروپ 2014 سے اب تک پاکستان میں 17 ملین امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری کر چکا ،چیلنج فیشن گروپ پاکستان میں جدید ٹیکسٹائل انڈسٹری قائم کر رہا ہے۔

دریں اثناوزیر اعظم شہباز شریف سے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے ملاقات کی ،شہبازشریف نے پاکستان ،بنگلہ دیش کے درمیان مختلف شعبوں میں بڑھتے تعلقات پر اطمینان کا اظہار اوررفتار کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا سیاسی، اقتصادی و ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔،پاکستان بنگلہ دیش کےساتھ تجارت و عوام کے درمیان روابط بڑھانے کا خواہاں ہے۔

بنگلہ دیشی ہائی کمشنر اقبال حسین نے وزیراعظم کو سفر، تجارت و رابطوں کو آسان بنانے کےلئے دونوں ممالک کی جانب سے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات سے آگاہ اوردوستی کے تاریخی بندھن کو مزید مضبوط بنانے کےلئے اقدامات جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے ہائی کمشنر کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داریوں کی انجام دہی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہاامید ہے پاکستان ،بنگلہ دیش کے تعلقات میں مثبت پیشرفت ہوتی رہے گی۔

مزید برآں وزیراعظم سے وفاقی وز را حنیف عباسی،اویس لغاری،علی پرویز ملک نے ملاقاتیں کیں،سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔