پاکستان ،مائکرونیشیا میں باضابطہ سفارتی تعلقات قائم


نیویارک: (بیورورپورٹ) پاکستان اور جزیرہ نما ملک مائکرونیشیا نے باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم کر لیے۔

پاکستان کے مستقل مندوب اقوام متحدہ عاصم افتخار اور وفاقی ریاست مائکرونیشیا کے مستقل مندوب سفیر جیم ایس لپوے نے نیویارک میں مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے دستخطی تقریب پاکستان مشن برائے اقوام متحدہ میں ہوئی ،دونوں ممالک کے سفارتکاروں نے شرکت کی ،پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون بھی شامل تھے۔

خطاب کرتے ہوئے سفیر عاصم افتخار نے کہا بے حد خوشی ہے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات پاکستان کے یوم آزادی کی سالگرہ کے موقع پر قائم ہو رہے ہیں،تعلقات انسانی وسائل کے انتظام، استعداد کار میں اضافہ اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے شعبوں میں تعاون کے نئے راستے کھولیں گے،مشن اقوام متحدہ میں عالمی امن و سلامتی کے فروغ سمیت اہم معاملات پر قریبی تعاون کیاجائےگا۔

سفیر جیم ایس لپوے نے دو طرفہ تعلقات کے نئے باب کے آغاز پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاپاکستان کےساتھ دوستی و شراکت داری کے سفر کا آغاز کردیا، پاکستانی ہم منصب کےساتھ مل کر دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔