آزاد کشمیر، گلگت ، خیبرپختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ، طوفانی بارشوں سے تباہی ، 200سے زائد افراد جاں بحق

پشاور ، گلگت: ( )آزاد کشمیر، گلگت اور خیبرپختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ، طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے تباہی ، 200سے زائد افراد جاں بحق ، درجنوں زخمی ہوگئے۔


باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنے اور کلاؤڈ برسٹ سے 12 ، لوئر دیر میں مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ متعدد گھروں کو نقصان پہنچا، 11 افراد لاپتہ ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے علاقے میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی، راستہ بند ہونے سے ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔


دریا پنجکوڑہ سمیت ندی نالوں میں طغیانی سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، سیلابی ریلے کے باعث اوڈیگرام رابطہ پل شدید متاثر ہوا، ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔


گلگت کے ضلع غذر کی تحصیل گوپس کے گاؤں خلتی میں 8 ، دیامر میں 2 افراد ریلوں میں بہہ گئے، درجنوں گھر، سرکاری عمارتیں، پل اور شاہراہیں تباہ ، شاہراہ قراقرم، شاہراہ بابو سر اور گلگت سکردو شاہراہ پر کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد کی تحصیل نصیر آباد میں بادل پھٹنے سے ایک خاندان کے 6 افراد سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے، نعشوں کو نکال لیا گیا، 30 افراد لاپتہ ہیں۔