کے پی میں پولیس پر حملے،ایڈیشنل ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار شہید ،متعدد زخمی


پشاور:(بیورورپورٹ)کے پی میں پولیس پر حملے،ایڈیشنل ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار شہید ،متعدد زخمی ہوگئے۔

دیر کے علاقے پناہ کوٹ میں کوئیک رسپانس فورس کے اہلکار معمول کی پٹرولنگ کر رہے تھے ،دہشتگردوںنے گھات لگا کر فائرنگ کردی،3 اہلکار شہید ،6 زخمی ہوگئے،پشاور کے نواحی علاقوں میں دہشتگردوں نے 2 پولیس چوکیوں ،تھانے پر حملے کیے، سی سی پی او قاسم کے مطابق نواحی علاقے متنی، ناصر باغ پولیس چوکی ،حسن خیل تھانے پر حملہ کیاگیا، پولیس نے چوکی متنی ادیزئی ،ناصر باغ سخی پل پرحملہ پسپا کر دیا، تھانہ حسن خیل حملے میں پولیس اہلکار شہید ،ایک زخمی ہوگیا۔

لنڈی کوتل میں ڈی ایس پی کے سب آفس کی دیوار کےساتھ نصب بم پھٹ گیا،دیوار کو جزوی نقصان پہنچا،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، گونگی کلے میں مکان کے ساتھ نصب بم پھٹنے سے مقامی شخص کے حجرے کو جزوی نقصان پہنچا۔

دوسری جانب پاراچنار میں کرم فسادات میں مطلوب ملزم تہران طوری کی گرفتاری کیلئے چھاپے کے دوران پولیس پر فائرنگ کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ اوقیصرشہید ہوگئے،بنوں میں تھانہ ہوید کی حدود میں چوکی مزانگہ پر فتنہ الخوارج کے شرپسندوں کا حملہ جوانوں نے بروقت جوابی کارروائی سے پسپا کر دیا۔