راولپنڈی :(بیورورپورٹ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے پاک فوج روایتی و غیر روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے ،آزادی و خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرینگے۔
یوم آزادی کے موقع پرقوم کو مبارکباد دیتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہاوطن عزیز کی خاطر قربانیاں دینے والے بزرگوں اور برصغیر کے مسلمانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،پاکستان نہ صرف عالم اسلام کا مضبوط و ناقابل تسخیر قلعہ ہے بلکہ بین المذاہب ہم آہنگی و مذہبی آزادی کی روشن مثال بھی ہے جہاں مذہبی اقلیتیں ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔
سید عاصم منیر نے کہا دہشتگردی کے عفریت کو شکست دینے کےلئے پاکستان نے بے پناہ جانی و مالی قربانیاں دیں،پہلگام واقعہ کی نہ صرف شدید مذمت بلکہ شفاف عالمی تحقیقات کی پیشکش بھی کی گئی،بھارتی حکومت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا ،قوم کی حمایت سے مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے آپریشن بنیان المرصوص کیا جو تاریخ میں افواج پاکستان کی بہادری و ولولہ انگیز جذبے کی علامت بن چکا۔
فیلڈ مارشل نے واضح کیا پاک فوج روایتی، غیر روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کےلئے پوری طرح تیار ہے، خطے میں امن، ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں لیکن اپنی آزادی ،خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی مہم جوئی کا بلا جھجک فوری جواب دیا جائے گا،پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی جدوجہد کی مکمل حمایت جاری رکھے گا، کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانا ہی مسئلے کا واحد منصفانہ و پائیدار حل ہے۔
سید عاصم منیر نے کہا پاکستان فلسطین کے مظلوم عوام کےساتھ کھڑا ہے ،عالمی برادری کو فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کےلئے فوری اقدامات کرنے چاہئیں،جدوجہد آزادی کے تمام شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں،شہدا کی جرات، بہادری اور ایمان سے لبریز عزم رہنمائی کا چراغ ہے،پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت و جنگی تیاری پر مکمل اعتماد ہے ،سرحدوں کی حفاظت کےلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، اپنی تمام تر توانائیاں ملکی استحکام اور ترقی کےلئے وقف کر دیں گے۔
خطرات سے نمٹنے کیلئے تیار، آزادی و خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرینگے: فیلڈ مارشل
















