معرکہ حق و جشن آزادی کی رنگارنگ تقریب،سیاسی عسکری قیادت،دوست ممالک کے سفرا کی شرکت

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)اسلام آباد کے جناح گراﺅنڈ میں معرکہ حق میں تاریخی فتح اور جشن آزادی کی رنگارنگ تقریب کاانعقاد کیا گیا،صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں وفاقی وزراخواجہ آصف، محسن نقوی، عطا تارڑ،طلال چودھری، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ، خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب ،چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق،ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، نیول چیف ،ایئر چیف سمیت دوست ملکوں کے سفرا، اراکین پارلیمنٹ اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی شریک رہی۔

تینوں مسلح افواج پر مشتمل میوزک بینڈ نے شاندار مارچ پاسٹ کیا، پاک فوج، بحریہ، فضائیہ ، پنجاب رینجرز ،ایف سی خیبرپختونخوا ،ترکیہ ،آذربائیجان کی مسلح افواج کے دستوں نے بھی مارچ پاسٹ کیا،دونوں برادر ممالک کی افواج کے دستے سلامی کے چبوترے سے گزرے تو عوام کی جانب سے بھر پور استقبال اورخراج تحسین پیش کیا گیا،قومی پرچم کی آمد پر حاضرین نے کھڑے ہو کر پرتپاک استقبال کیا،سلامی دی، علم بردار دستے نے مارچ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔

پریڈ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل عمر اعوان نے صدر مملکت آصف زرداری کو پریڈ پیش کی، پریڈ نے مہمان خصوصی کو صدر سلام پیش کیا،پاک فضائیہ کے طیاروں نے زبردست کرتب دکھائے،طیاروں کی گھن گرج سن کر شہری بھی پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے رہے۔

ادھر شکر پڑیاں پریڈ گراﺅنڈ میں معرکہ حق میں استعمال ہونےوالے طیاروں، ٹینکوں، توپوں، ریڈارز و دیگر جنگی ہتھیاروں کی نمائش کی گئی۔

دوسری جانب قومی اسمبلی نے یومِ آزادی و معرکہ حق پر متفقہ قرارداد منظور کرلی،قرارداد میں و طن عزیز کیلئے لازوال قربانیوں کوزبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملکی سالمیت و خود مختاری کے تحفظ کے عزم کو ایک بار پھر دہرایا گیا،قرار داد کے متن میں کہا گیا ایوان معرکہ حق میں ملک کا جرات مندانہ تحفظ کرنے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کےساتھ تمام شہریوں کو ملکی ترقی و خوشحالی کےلئے ملکر کام کرنے کی تلقین کرتا ہے۔