فورسز کو کسی بھی شخص کو 3ماہ تک حراست میں رکھنے کا اختیار، بل منظور

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)فورسز کسی بھی شخص کو 3ماہ تک حراست میں رکھنے کی مجاز،،پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ پر 50 لاکھ تک جرمانہ، قومی اسمبلی نے بل منظور کرلیے۔

قومی اسمبلی نے روٹین کا ایجنڈا معطل کرکے انسداد دہشتگردی ترمیمی بل 2024منظور کیا،انسداد دہشتگردی ایکٹ ترمیمی بل 3سال کیلئے نافذ العمل ہوگا،مسلح افواج یا سول آرمڈ فورسز کسی بھی مشتبہ شخص کوحراست میں رکھنے کی مجاز ہوں گی،ملکی سلامتی، دفاع، امن و امان، اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کسی بھی شخص کو حراست میں رکھا جا سکے گا، جرائم میں ملوث شخص کی حراست مدت آرٹیکل 10 کے تحت 3 ماہ سے بڑھائی جا سکے گی۔

بل کے مطابق زیر حراست شخص کےخلاف تحقیقات مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کرے گی، متعلقہ تحقیقاتی ٹیم ایس پی رینک کے پولیس افسر، خفیہ سول، فوجی ایجنسیوں، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں پر مشتمل ہوگی۔

جے یو آئی رکن عالیہ کامران نے سوال اٹھایا آخر کیا جلدی ہے بل کو اچانک منظور کیا جارہا ہے؟،اپوزیشن کی جانب سے بل کی مخالفت کرتے ہوئے گنتی کو چیلنج کیاگیا، سپیکر قومی اسمبلی نے گنتی کرائی تو حکومتی اراکین کی تعداد حمایت میں زیادہ نکلی اورقومی اسمبلی نے انسداد دہشتگردی بل 2024کثرت رائے سے منظور کرلیا، بل کی حمایت میں 125ووٹ آئے ،مخالفت میں 45 ووٹ پڑے،اپوزیشن نے بل کی منظوری کے دوران احتجاج کیا اور نعرے لگائے، قبل ازیں انسداد دہشتگردی ایکٹ میں ہنگامی بنیادوں پر ترامیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور بل کی منظوری ایجنڈے میں شامل کی گئی ۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا 2012والے حالات دوبارہ ملک میں ہیں، ایک ماہ میں 4 میجرز شہید ہوگئے،قانون بنانا ضروری ،فورسز کی مدد کرنی ہے۔

سربراہ جے یو آئی فضل الرحمن نے کہا ماہر قوانین جانیں کتنا ضروری ہے یا نہیں ایسے قوانین پر ماضی بھی ہے،دہشتگردی صرف پاکستان نہیں دنیا بھر میں ہے،قوانین کے تحت پاکستان کے ہر شہری کو پیدائشی مجرم بنا دیاگیا ، کوئی بھی ادارہ کسی کو بھی گرفتار کر لیتا اور ثابت شخص نے کرنا وہ بےگناہ ہے۔

فضل الرحمن نے کہاغلط قانون کو بطور نظیر پیش نہیں کیا جا سکتا، اے پی ایس حادثے سے ایک سال پہلے شخص کو اٹھایا اور پھانسی دےدی گئی،اپنے گاوں میں نہیں جا سکتے، دہشتگردی کب ختم ہوئی ،عالیہ کامران کی ترمیم کثرت رائے سے مسترد کرنے پرجے یو آئی نے احتجاجاً واک آو¿ٹ کردیا۔

وزیر قانون نے اعظم نذیر تارڑ نے کہا حکومت کو اختیار ہے امن وامان کےلئے قانون سازی کرے، قانون کہتا ہے جس شخص کو گرفتار کرنا ہے اسے 24 گھنٹے میں پیش کرنا ہے، آئین میں ہے 90 روز کےلئے کسی کو نظر بندکرسکتے ہیں۔

دریں اثنا قومی اسمبلی نے پٹرولیم ایکٹ ترمیمی بل 2025کثرت رائے سے منظور کرلیا، پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ ، غیر قانونی نقل و عمل پر 10 سے 50 لاکھ تک جرمانہ ہوگا۔

بل کے مطابق پہلی بار جرم پر جرمانہ 10 ،دوسری بار 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا،پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی اور بنا لائسنس کام کرنے پر متعلقہ جگہ کو سیل کیا جائے گا، غیر قانونی فروخت پر مشینری، آلات، سازو سامان، ٹینک و کنٹینر ضبط ہوں گے، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز ڈی سی کی ہدایات پر کارروائی کرنے کے مجاز ہوں گے،بغیر لائسنس فروخت اور پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی پر ایک کروڑ جرمانہ ہوگا،مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کےلئے لائسنس لینا لازمی ہوگا۔

لائسنس کی تجدید کے بغیر پٹرولیم مرکز بند کرکے آلات و مشینری قبضے میں کرلی جائیں گی،لائسنس کی تجدید کے بغیر پٹرولیم مصنوعات کو ذخیرہ کرنے پر 10 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا، سیل شدہ آلات ،سامان کے استعمال پر 10 کروڑ جرمانہ ،لائسنس منسوخ ہوگا جبکہ ضبط شدہ آلات کی کسٹم ایکٹ کے تحت نیلامی ہوگی۔