تمام ادارے این ڈی ایم اے کےساتھ بیٹھ کر مستقبل کیلئے پلان بنائیں ،شہباز

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کا ہنگامی دورہ کیا ،چیئرمین این ڈی ایم اے نے حالیہ بارشوں ،سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی،بریفنگ میں بتایا گیا رواں موسم میں معمول سے 30 سے 40 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔

شہباز شریف نے کہاموسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر ابھی سے تیاری کرنا ہوگی، تمام ادارے این ڈی ایم اے کےساتھ بیٹھ کر مستقبل کیلئے پلان بنائیں،این ڈی ایم اے کو جو بھی جدید آلات ،مشینری چاہیے ہوگی فراہم کرینگے، غیرمعمولی بارشوں کی صورتحال میں عوامی جان ومال کی حفاظت کے اقدامات کو یقینی بنایاجائے۔

وزیراعظم نے کہا پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونےوالے پہلے 10ممالک میں شامل ہے، صوبوں نے اچھی تیاری کےساتھ بارشوں کا مقابلہ کیا ، این ڈی ایم اے کی جانب سے صوبوں کیساتھ کوآرڈی نیشن بہتر ،پنجاب حکومت اچھا کام کررہی ہے،این ڈی ایم اے چاروں صوبائی حکومتوں، آزاد کشمیراور گلگت بلتستان کی بھی معاونت کرے،مسلسل مانیٹرنگ اور ادارے اشتراک عمل سے اقدامات کو یقینی بنائیں۔