عمر ایوب کی ضمانتیں خارج، گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم
اسلا م آباد ،راولپنڈی :(بیورورپورٹ)تمام مقدمات میں ضمانتیں خارج،خصوصی عدالت نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دےدیا۔
جج امجد علی شاہ نے 24 اور 26 نومبر کے 10 سے زائد مقدمات میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کی،عدالت نے اپوزیشن لیڈر کی مقدمات میں عبوری ضمانتیں خارج کر دیں اور عمر ایوب کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دےدیا،اے ٹی سی نے رہنما پی ٹی آئی اور کونسل کی عدم پیروی پر ضمانتیں خارج کیں،دریں اثنا ءالیکشن کمیشن نے عمر ایوب کے اثاثوں کاکیس واپس لینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت 29 جولائی تک ملتوی کر دی
دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے اثاثوں کیس پر سماعت کی،اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی و رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا 31 دسمبر تک گوشواروں کی تفصیلات جمع کرانا ہوتی ہیں، قواعد کے مطابق غلط گوشوارے جمع ہونے کے 120 روز کے اندر الیکشن کمیشن رکن اسمبلی کےخلاف شکایت درج کر سکتا ہے، الیکشن کمیشن نے رواں برس 29 اپریل کے بعد نوٹس بھیجا، عمر ایوب کے وکیل نے خلاف قواعد قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن سے نوٹس واپس لینے کی استدعا کی جسے کمیشن نے مسترد کر دیا۔
















