پنجاب میں جرائم کی شرح میں کمی، پولیس کی حکمت عملی موثر ثابت ہونے لگی

لاہور(شوکت مروت) پنجاب میں جرائم پر قابو پانے کیلئے پولیس کی جانب سے اختیار کی گئی جدید حکمت عملی موثر ثابت ہو رہی ہے اور حالیہ اعداد و شمار سے واضح ہوتا ہے کہ سٹریٹ کرائم، چوری، ڈکیتی اور سنگین وارداتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ رواں سال کے ابتدائی چھ ماہ میں مختلف جرائم میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ نتائج جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، موثر نگرانی، انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں اور عوامی تعاون کے باعث حاصل ہوئے ہیں۔ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ جیسے بڑے شہروں میں ”سیف سٹی پراجیکٹ“کے تحت ہزاروں کیمروں کی مدد سے نگرانی کا نظام اس قدر فعال ہو چکا ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری ردعمل ممکن ہو گیا ہے۔ ان کیمروں کی مدد سے روزانہ سینکڑوں مشاہداتی رپورٹس تیار کی جاتی ہیں جن کی بنیاد پر پولیس فوری ایکشن لیتی ہے، اور متعدد وارداتیں روکی گئی ہیں۔ لاہور پولیس کے ایک اعلیٰ افسر کے مطابق سیف سٹی منصوبہ جرائم کی روک تھام میں ”ریڑھ کی ہڈی“ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ اسی ماڈل کو اب دیگر بڑے شہروں میں بھی متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے صوبے بھر میں کرائم کنٹرول کے نظام میں بہتری کی امید کی جا رہی ہے۔ دوسری طرف پولیس نے مفرور اور اشتہاری ملزمان کے خلاف بھی بھرپور کریک ڈاون شروع کر رکھا ہے اور صرف گزشتہ تین ماہ میں صوبے بھر سے ہزاروں اشتہاری ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں، جن میں ایسے بھی شامل ہیں جو کئی سالوں سے پولیس کو مطلوب تھے۔ آئی جی پنجاب کے مطابق قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کا ہدف صرف گرفتاری نہیں بلکہ مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا بھی ہے۔ عوام کے اعتماد کو بحال رکھنے کیلئے پولیس نے ”کمیونٹی پولیسنگ“کو فروغ دیا ہے جس کے تحت محلوں اور علاقوں کی سطح پر عوامی نمائندوں، دکانداروں اور نوجوانوں کے ساتھ مشاورت کی جاتی ہے تاکہ جرائم کی روک تھام مشترکہ ذمہ داری کے طور پر ادا کی جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر بنائے گئے رضاکار گروپس نے متعدد مشتبہ سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی کی ہے، جن کے باعث کئی وارداتیں ناکام بنائی گئیں۔ جدید ٹیکنالوجی نے شفافیت، سہولت اور رسائی کے نئے دروازے کھول دئیے ہیں۔ شہری حلقے پولیس کی ان اصلاحات کو خوش آئند قرار دے رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ ان اقدامات کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھا جائے تاہم ماہرین کا ماننا ہے کہ جہاں شہری علاقوں میں صورت حال بہتر ہوئی ہے، وہیں جنوبی پنجاب اور کچھ دیہی علاقوں میں چیلنجز بدستور موجود ہیں، جہاں خاندانی دشمنیاں، اغوا برائے تاوان اور جرائم پیشہ گروہوں کی سرگرمیاں اب بھی ریکارڈ کی جا رہی ہیں۔ ان علاقوں میں پولیس کو مزید وسائل، عملہ اور تربیت کی ضرورت ہے تاکہ جرائم کی بیخ کنی ممکن بنائی جا سکے۔ مجموعی طور پر عوامی سطح پر تاثر یہی ہے کہ پنجاب میں پولیس نے کئی محاذوں پر نمایاں بہتری دکھائی ہے، اور اگر یہی تسلسل قائم رہا تو مستقبل قریب میں صوبہ پنجاب ایک محفوظ اور پرامن خطہ بن کر ابھر سکتا ہے، جہاں شہری بلا خوف و خطر اپنی زندگی گزار سکیں گے۔