پاکستان کو فتنہ الہندوستان ،سہولت کاروں سے پاک کریں گے،صدر،وزیراعظم


اسلام آباد: (بیورورپورٹ) صدر ،وزیراعظم نے بلوچستان میں پنجابی مسافروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے فتنہ الہندوستان کاخاتمہ کریں گے۔

آصف زرداری نے کہادہشتگردوں نے بس سے اتار کر معصوم شہریوں کو بے دردی سے قتل کیا، بربریت فتنہ الہندوستان کی پاکستان میں خونریزی کی گھناونی سازش ہے،فتنہ الہندوستان پاکستان میں انتشار و بد امنی پھیلانا چاہتا ہے، اپنی سرزمین کو فتنہ الہندوستان ، سہولت کاروں سے ہر صورت پاک کریں گے ، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی،لواحقین کے غم میں برابر شریک اوراہلخانہ سے دلی ہمدردی ،تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا بےگناہ افراد کے خون کا بدلہ لیا جائے گا،نہتے شہریوں کا قتل فتنہ الہندوستان کی کھلی دہشتگردی ہے، پوری قوت سے نمٹیں گے،عزم و اتحاد سے ناسور کو ختم کر کے دم لیں گے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا سفاکیت کی انتہا ہے، فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنا کر بدترین بربریت کا مظاہرہ کیا،معصوم مسافروں کو نشانہ بنانے والے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کا ہر جگہ پیچھا کریں گے اور خاتمہ یقینی بنایاجائےگا، بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں ،آلہ کاروں کی ہر سازش قوم کی حمایت سے ناکام بنائیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مسافر بسوں سے 9 پنجابی شہریوں کے اغوا اور سفاکانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہانہتے شہریوں کو بسوں سے اتار کر قتل کرنا بزدلی ،بربریت کی انتہا ہے،کھلی دہشت گردی کا منہ توڑ جواب دیاجائےگا اور بے گناہ شہریوں کے خون کا حساب لیں گے،بلوچستان سمیت پورا پاکستان واقعہ کی مذمت کرتا اور دہشتگردوں کےخلاف بھرپور مزاحمت کےلئے متحد ہے،شہید ہونےوالے شہریوں کے خاندانوں کے غم میں مجھ سمیت ہر پاکستانی برابر کا شریک ہے۔