بھارت نے پاکستان کیخلاف دہشت گردی کو بطور پالیسی اپنایا :ترجمان پاک فوج

راولپنڈی (مشرق نیوز) پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف ریاستی دہشت گردی کو ایک پالیسی کے تحت اپنایا ہوا ہے، بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ اجیت دوول ہے، پاکستان کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر محفوظ ہے، کوئی بھی ہمارے ایٹمی پروگرام کو نشانہ بنانے کی جرات نہیں کر سکتا۔

الجزیرہ کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر کا یہ رد عمل گزشتہ ماہ وزیرستان بم دھماکے بعد سامنے آیا،حملے کی ذمہ داری فتنہ الخوارج (کالعدم ٹی ٹی پی) نے قبول کی تھی، دھماکے میں 16 فوجی جوان شہید جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے، پاکستان کا واضح موقف ہے کہ ان حملوں میں بھارت براہ راست ملوث ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں کی حمایت اور مالی معاونت کر رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے الجزیرہ ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’خارجیوں کی اصطلاح حالیہ دنوں میں پاکستانی فوج اور میڈیا میں وسیع پیمانے پر استعمال ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ خوارج کی اصطلاح ان مسلح گروہوں کیلئے استعمال کی جا رہی ہے جو ریاست اور فوج پر حملے کرتے ہیں، موجودہ فتنہ الخوارج اس گمراہ کن نظریے کا تسلسل ہے، جو مسلمانوں کو اپنے گمراہ کن عقیدے کے تحت قتل کرتے آئے ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ اسلام میں جہاد یا قتال کا اختیار صر ف ریاست کے پاس ہے، کسی فرد ، تنظیم یا گروہ کو اختیار نہیں، فتنہ الخوارج کا اسلام، انسانیت ، پاکستان یا پاکستانی روایات سے کوئی تعلق نہیں، فتنہ الہندوستان کی اصطلاح پاکستان میں ان دہشت گردوں کیلئے استعمال ہوتی ہے جنہیں بھارت کی حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان خاص طور پر صوبہ بلوچستان میں ملک کو غیر مستحکم کرنے کیلئے سرگرم ہیں، پاکستان نے اسلامی ریاست کے خلاف کسی بھی جارحیت کو علاقائی استحکام کیلئے خطرہ قرار دیا ہے، بھارت سیاسی قیادت متعدد مواقع پر پاکستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی کا اعتراف کر چکی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ اجیت دوول ہے، امریکہ اور کینیڈا سمیت کئی ممالک بھارتی ریاستی دہشت گردی کا اعتراف کر چکے ہیں، الجزیرہ کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آرنے اسرائیل کی جارحیت کا نشانہ بننے والے ایران کیلئے پاکستان کی سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام مکمل طور پر محفوظ ہے، کوئی بھی ہمارے ایٹمی پروگرام کو نشانہ بنانے کی جرات نہیں کر سکتا، پاکستان ایک ذمہ دار اور ڈکلیئرڈ ایٹمی طاقت ہے، پاکستان کی جوہری صلاحیت ناقابل تسخیر ہے، یہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور موجودہ علاقائی توازن پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔