سپریم کورٹ نے پولیس تحویل میں اعترافی بیان ناقابل قبول قراردےدیا ،ملزم بری


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پولیس تحویل میں اعترافی بیان ناقابل قبول ،سپریم کورٹ نے سزائے موت کے ملزم کو بری کردیا۔

جسٹس اطہر من اللہ نے 25 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہا اعتراف جرم صرف آزاد ماحول میں ممکن ہے، انٹرویو کی بنیاد پر سزا بھی نہیں دی جاسکتی ،ملزم کو سزا دینے میں صرف ٹی وی انٹرویو پر انحصار کیا گیا،اعتراف جرم لاک اپ سے نکال کر میڈیا کے سامنے کرنا غیرقانونی طریقہ ہے، تفتیشی افسر اپنا اختیار کسی رپورٹر یا صحافی کے حوالے نہیں کرسکتا۔

عدالت نے قرار دیا اعتراف جرم صرف مجاز افسر یا مجسٹریٹ کے سامنے آزاد ماحول میں ہی قابل قبول ہوتا ہے،زیر حراست ملزم اکثر دباو کا شکار اور کئی بار دباو سے بچنے کےلئے جھوٹا اعتراف بھی کر لیتے ہیں،کسی رپورٹر کو زیر حراست ملزم تک رسائی دینا معمولی بات نہیں اور ایسا طرز عمل میڈیا ٹرائل کا سبب بن سکتا ہے،ہر ملزم تب تک بےگناہ ہے جب تک منصفانہ ٹرائل سے مجرم ثابت نہ ہو جائے،سپریم کورٹ نے فیصلے کی نقول وفاقی و صوبائی حکومتوں، پیمرا اور وزارت اطلاعات کو بھجوانے کا حکم دےدیا۔