اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تلخ کلامی،رہنماﺅں نے ایک دوسرے پر تنقید کے نشتر چلادئیے،اجلاس میں ایم پی ایز، ایم این ایز، سینیٹرزو دیگر قیادت شریک ہوئی،مخصوص نشستوں کے فیصلے پر تبادلہ خیال کیا گیا،عامر ڈوگر نے اسیر رہنماﺅں کا خط پڑھ کر سنایا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا جیل میں رہنماﺅں کو حقوق نہیں مل رہے، 7کارکنوں کی بیماری کے باعث جان چلی گئی، پارٹی اختلافات کو پبلک میں نہ اچھالا جائے،نثار جٹ نے کہاعلی ا مین گنڈا پور بتائیں خان صاحب کی سٹیٹمنٹ کے بعد بجٹ کیوں پاس ہوا؟،پارٹی رہنماﺅں کے بیانات ہی مختلف ہوتے ہیں،بیرسٹر گوہر کو بانی نے چیئرمین بنایا ہے تو فل مینڈیٹ دیتے ہیں، بیرسٹر گوہر آپ کھل کر فیصلے لیں۔
سلمان اکرم راجہ نے بانی چیئرمین عمران خان کی بہنوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا تاثر غلط ہے بہنیں پارٹی کےخلاف اور پارٹی بہنوں کےخلاف ہے،علی خان نے کہا سوشل میڈیا صرف بانی چیئرمین کی رہائی کے مقصد کےلئے استعمال کیا جانا چاہئے،پہلے ہونےوالے احتجاج میںپورا کے پی نکلا اب پنجاب کو بھی نکلنا ہو گا،بات چیت کریں سپورٹ کرتے ہیں اگر احتجاج کرنا ہے تو کریں آپ کےساتھ ہیں۔
زرتاج گل نے سلمان اکرم راجہ ،علی امین گنڈاپور کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہااسلام آباد کی بجائے اپنے اپنے حلقوں میں احتجاج کرنا چاہیے، جیل سے آئے پیغام پر سوچا جائے،سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کئے جا سکتے ہیں، حکومت بہت مضبوط ہو گئی ،بات چیت کیلئے کمیٹی بنائی جائے۔
ذرائع کے مطابق شاہد خٹک پارٹی قیادت پر برس پڑے اور کہا بتایا جائے پارٹی کے فیصلے کون کرتا ہے؟ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں بجٹ پاس کرنے کا فیصلہ ہو گیا تھا تو سلمان اکرم راجہ نے ٹوئٹ کیوں کیا؟،کے پی کے کارکنوں کو غدار کہا گیا تو پارٹی قیادت چپ کیوں رہی؟ ڈرامے بند کرو اگر جیل کے سامنے احتجاج کرنا ہے تو واضح بتایا جائے،گنڈا پور صاحب میں آپ کا ملازم ہوں نہ میں آپ کے گھر سے کھاتا ہوں، آپ کون ہوتے ہیں بتانے والے میں صحیح نہیں بولا۔
پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تلخ کلامی،ایک دوسرے پر تنقید
















