بھارت سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد فوری بحال کرے : پاکستان

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان نے کشن گنگا اور رتلے پن بجلی منصوبوں پر عالمی ثالثی عدالت کے ضمنی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہابھارت سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد فوری بحال کرے،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا عالمی ثالثی عدالت نے 27 جون کو کشن گنگا ، رتلے پن بجلی منصوبوں پر ضمنی فیصلے میں قرار دیا ہے کہ اس کا دائرہ اختیار برقرار ہے اور مقدمے کو بروقت ، موثر اور منصفانہ انداز میں آگے بڑھانے کا مکمل اختیار ہے، عدالت نے ضمنی فیصلہ بھارت کے سندھ طاس معاہدے کو التوا میں رکھنے کے اعلان کے بعد جاری کیا ، فیصلہ پاکستان کے موقف کی توثیق کرتا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ مکمل فعال اور موثر ہے، فیصلے سے ثابت ہوگیا بھارت کو سندھ طاس معاہدے پر یکطرفہ کارروائی کرنے کا کوئی حق نہیں،بھارت معاہدے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو مکمل طور پر اور پوری ایمانداری سے ادا کرے،ترجمان کے مطابق ثالثی عدالت نے پاک بھارت تنازع پر اپنی مکمل آئینی حیثیت کو برقرار رکھا ہے، ثالثی عدالت نے کہا وہ ان معاملات کو بروقت، موثر اور منصفانہ طریقے سے آگے بڑھانے کی پابند ہے،پاکستان نے بھارت پر زور دیا ہے معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل اور ایمانداری سے عمل کرے۔