بھارت نے سندھ طاس معاہدہ نہ مانا تو جنگ ہو گی: بلاول بھٹو

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے پہلے غزہ، لبنان اور اب ایران،آواز نہ اٹھائی تو کچھ نہیں بچے گا،بھارت نے سندھ طاس معاہدہ نہ مانا تو جنگ ہو گی،اسرائیلی رجیم کی خطے میں بڑھتی ہوئی جارحیت کو روکنا ہوگا،قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا بھارت نے پہلگام دہشت گردی کے واقعہ کے بعد سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کا کہا، پانی روکنے کی دھمکی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اگر پانی روکا گیا تو جنگ لڑنا پڑے گی، ہم جانتے ہیں ہماری افواج، ائیرفورس بالکل تیار ہیں، بھارت کے پاس 2ہی آپشنز ہیں، سندھ طاس معاہدہ مان لے اگر خلاف ورزی کرے گا تو تمام 6 دریا پاکستان کے ہوں گے، سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی مودی کے حق میں بہتر ہوسکتی ہے لیکن معاہدے پر عملدرآمد پاکستان اور بھارتی عوام کیلئے اہم ہے، بھارت کی کوشش تھی پاکستان کو باقاعدہ دہشت گرد ریاست ڈکلیئر کرایا جائے، بھارت نے کوشش کی پاکستان کو آئی ایم ایف کا پیکیج نہ ملے، ہر محاذ پر پاکستان جیتا اور بھارت ہارا، ہم نے اقوام متحدہ کے فورم پر اپنا مو¿قف پیش کیا، پاکستان کی وزارت خارجہ اور سفیروں کو سلام پیش کرنا چاہتا ہوں،مشرقی وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی پی نے کہا امریکہ کے ایران پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسرائیل نے جھوٹ کی بنیاد پر ایران پر حملہ کیا، الزام لگایا گیا ایران ایٹمی ہتھیار بنانے کے قریب ہے، ایران پر کئی سال سے جھوٹے الزامات لگائے جا رہے ہیں، ایران میں لیڈر شپ اور صحافیوں کو نشانہ بنایا گیا، ایران کی جوہری تنصیبات پر مہنگا ترین حملہ کیا گیا، ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ کر کے خطے کے عوام کی زندگیوں کو داو¿ پر لگایا گیا، ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے سے تابکاری پھیلتی تو پاکستان بھی متاثر ہوتا، ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، سلامتی کونسل میں بھی امریکہ کے ایران پر حملے کی مذمت کی گئی، اسرائیل امریکی عوام کو جنگ میں دھکیل رہا ہے، امریکی عوام جنگ کی حمایت نہیں کر رہے، پہلے وہ لبنان آئے، یمن آئے اور اب ایران آگئے، اگر ہم اب نہ بولے تو جب وہ ہم پر آئیں گے تو کوئی بولنے والا نہیں ہوگا، اسرائیل کی رجیم کو روکنا ہوگا، ایران اسرائیل جنگ کا تدبر اور تحمل کےساتھ حل نکالا جائے، خطے میں بھی ایک نیتن یاہو کی سستی کاپی موجود ہے، ہم نے نیتن یاہو کی سستی کاپی کو جنگ، سفارتکاری، بیانیہ کے میدان میں ہرایا، مسئلہ کشمیر پر اپنا واضح مو¿قف پیش کیا، پی ٹی آئی دور میں بھی بھارت کی جانب سے جارحیت کا مظاہرہ کیا گیا، کشمیر ماضی میں اندرونی معاملہ بن چکا تھا لیکن اب بین الاقوامی معاملہ ہے،وفاقی بجٹ پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وگزیر خارجہ نے کہا حکومت کے وفاقی بجٹ کی حمایت کرتا ہوں، پاکستان کو جنگ کی تیاری کرنا ہے اس لئے دفاعی بجٹ میں 20 فیصد اضافہ ہوا ، مہنگائی میں اضافہ نہیں ہو رہا، بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کیلئے تاریخی ریلیف دیا گیا، اتنا بڑا فیصلہ لینے پر وزیراعظم اور وزیر خزانہ کا مشکور ہوں، حکومت نے تنخواہ میں 10 اور پنشنز میں 7 فیصد اضافہ کیا، جنوبی پنجاب کو پی ایس ڈی پی میں حق دلوایا جائے، وزیراعظم نے وعدہ کیا اگلے بجٹ کیلئے ہمارے ساتھ پہلے بیٹھیں گے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان دہشت گردی کےخلاف فرنٹ لائن پر ہیں، وفاقی حکومت دونوں صوبوں کی حکومتوں کی خاص مدد کرے،ملک میں ایگریکلچر ایمرجنسی ڈکلیئر کی جائے۔