اسلام آباد:(بیورورپورٹ)امریکی وزیر خارجہ کافون،وزیراعظم شہباز شریف نے ایران اسرائیل بحران کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاپاکستان مشرق وسطیٰ میں امن کی ہر کوشش میں تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، خطے میں امن و استحکام اور تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، شہبازشریف نے امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو سے دوران گفتگو صدرڈونلڈ ٹرمپ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیااور پاک بھارت جنگ کا خطرہ ٹالنے پروزیرخارجہ روبیوکی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاٹرمپ کے پاکستان پرمثبت بیانات جنوبی ایشیا میں امن کیلئے حوصلہ افزا ہیں ،پاکستان بھارت سے تمام تصفیہ طلب امور پر بامعنی مذاکرات کیلئے تیار ہے،مقبوضہ کشمیر، سندھ طاس معاہدے، تجارت اورانسداد دہشتگردی پربھی بات چیت ہونی چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا پاکستان ،امریکہ کوتجارت، توانائی، آئی ٹی ،معدنیات میں تعاون بڑھانا چاہیے، کالعدم بی ایل اے، ٹی ٹی پی ودیگر شدت پسند گروہوں کےخلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے،پاکستان ملک بھر سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے،شہبازشریف نے فیلڈمارشل عاصم منیرکی صدرٹرمپ سے ملاقات کو مثبت قراردیا ،اعلامیے کے مطابق پاک امریکہ تعلقات کو عملی تعاون میں بدلنے پر اتفاق کیا گیا۔
شہبازشریف نے صدر ٹرمپ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دہرائی اور امریکی وزیرخارجہ کوبھی جلد دورے کی دعوت دی۔
امریکی وزیرخارجہ نے پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاامریکہ ہرقسم کے دہشتگردی خطرات سے نمٹنے کیلئے پاکستان سے مکمل تعاون کرے گا،خطے میں امن کےلئے کوششوں کو سراہتے ہیں،پاکستان ایران کےساتھ اپنے قریبی تعلقات کے ذریعے خطے میں قیام امن میں کردار ادا کرتا رہے ،علاقائی وعالمی امن واستحکام کیلئے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔
امریکی وزیر خارجہ کافون، امن کی ہر کوشش میں کردار ادا کرنے کو تیار ہیں،وزیراعظم
















