زرداری، شہباز ملاقات،صدر کابجٹ تیاری میں اعتماد میں نہ لینے پر گلہ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)صدر آصف زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ،بجٹ ،ملکی سیاسی ومعاشی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق آصف زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف سے کہا بجٹ میں عام آدمی، خصوصاً محنت کشوں ،کم آمدنی والے طبقات کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جائے،وزیراعظم نے صدرمملکت کو اپنے حالیہ سرکاری دورہ متحدہ عرب امارات ،وفاقی بجٹ سے آگاہ کیا۔

صدر مملکت نے کہا بجٹ میں تنخواہ دار، پنشنرز، مزدور ،پسماندہ طبقات کے مسائل کے حل کےلئے موثر اقدامات ،روزگار کے مواقع پیدا کرنے، غریب اور کمزورطبقات کی معاونت کےلئے سماجی تحفظ کی سکیموں کو فروغ دیاجائے۔

دریں اثنا وزیراعظم اور صدر کے درمیان ہونےوالی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی،ذرائع کے مطابق ملاقات میں پیپلز پارٹی کے بجٹ پر تحفظات زیر غور آئے، پیپلز پارٹی نے سکھر حیدر آباد موٹروے، کراچی، حیدر آباد کے الگ ترقیاتی منصوبوں کا معاملہ رکھا،وفاقی پی ایس ڈی پی میں سندھ کو نظر انداز کرنے ،بجٹ تیاری میں اعتماد میں نہ لینے پر بھی گلہ کیا،وزیراعظم نے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔