پنجاب کاٹیکس فری،عوام دوست بجٹ،کم ازکم اجرت 40ہزارروپے مقرر

لاہور: (رپورٹنگ ٹیم)پنجاب حکومت نے 5335 ارب کا ٹیکس فری،عوام دوست بجٹ پیش کردیا،تنخواہوں،پنشن میں ا ضافہ،کم ازکم اجرت 40ہزار روپے مقرر،تعلیم، صحت، پولیس، زراعت، ٹرانسپورٹ اور ماحولیات کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ،وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن کاشدید احتجاج،ہنگامہ،ڈائس کاگھیراﺅ،ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر سپیکر اور وزیر خزانہ پر پھینک دیں۔

صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے بجٹ تقریر میں کہا 2024کی طرح بجٹ ٹیکس فری ،عوامی ریلیف، فلاحی منصوبوں اور جدید سہولتوں کی فراہمی کے عزم کا آئینہ دار ہے،سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 ،ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 5 فیصد اضافہ کیا گیا،بھارت کےخلاف پاکستان کی عظیم فتح پر وزیراعظم ،افواج کو سلام پیش کرتا ہوں، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کے غرور کو پاش پاش کیا، پوری قوم بھارتی جارحیت کیخلاف سرخرو ہوئی، پولیس، ریسکیو 1122 اور تمام محکموں کو یکجا کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب کی قائدانہ صلاحیتوں کو سلام پیش کرتا ہوں،اسرائیلی دہشتگردی کی شدید مذمت ، برادر ملک ایران کےساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، مشکل گھڑی میں ایران ،فلسطین کےساتھ ہیں۔

مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہاپنجاب حکومت نوازشریف کی رہنمائی پر چل رہی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے کو ترقی کی مثال بنادیا ، رمضان میں عوام کے گھروں تک نگہبان پیکیج پہنچایا گیا، غریب کے سرپر اپنی چھت،نوجوانوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپس دیئے جارہے ہیں،بچوں،بچیوں کو سکوٹیز مل رہی ہیں، نوجوانوں کیلئے کھیلوں کے میدان آباد ہوگئے ، بچوں کو سکولوں میں جدید معیار ی تعلیم ،دودھ مل رہا ہے، وائی فائی عام ، ترقی پاتا پنجاب ابھر رہا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہاسال کے 365 دنوں میں 6 ہزار 104 منصوبے مکمل کئے گئے، کامیابی، کامرانی اورعوام کی خدمت وزیراعلیٰ کی قابل فخر کہانی ہے، نظام، تحریک اور سوچ بدل رہی ہے، ایک سال میں گورننس کی رفتار ،بدل دی ،ستھرا پنجاب پروگرام سے ملکی تاریخ میں پہلی بار مثالی صفائی کو یقینی بنایا، وزیراعلیٰ مریم نواز کی خدمت کا پورا پنجاب گواہی دے رہا ہے، اربوں کے منصوبوں میں سے کوئی ایک سکینڈل سامنے نہیں آیا،پنجاب بھر میں سڑکیں بن رہیں، الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں، پہلی بار بجٹ میں ہیومن انویسٹمنٹ کو یقینی بنایا گیا، نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے، حکومت سنبھالی تو پورا نظام مفلوج ، کرپشن، مہنگائی، بیروزگاری کی وجہ سے عوام کا کوئی پرسان حال نہ تھا۔

مجتبیٰ شجاع الرحمن نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا مالی سال 25-2024 کا بجٹ تاریخ ساز منصوبوں سے بھرا کامیاب تھا، 10ارب کی لاگت سے وزیراعلیٰ لیپ ٹاپس سکیم کا اجرا کیا گیا، 50 ہزار طلبا کو لیپ ٹاپس دےدئیے، 3500 سے زائد سرکاری سکولوں میں 4لاکھ بچوں کی غذائی نشوونما ہوئی، 55ہزار بچوں کو سکالرشپس پروگرام کے تحت وظائف دیئے گئے،72ارب کی لاگت سے لاہور میں نوازشریف کینسر انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، راولپنڈی،میانوالی،ملتان میں 11کروڑ کی لاگت سے 2ائیرایمبولینسز چلائی گئیں، تاریخ میں پہلی بار ساتوں موٹرویز پر ائیرایمبولینس سروس چل رہی ہے، پنجاب میں 20ہزار مریضوں کا ہارٹ سرجری کا علاج ہوا، گائنی امراض کی ادویات کی گھر گھر فراہمی کیلئے 56ارب مختص کیے گئے۔

صوبائی وزیر خزانہ نے کہادل کے امراض کی تشخیص کیلئے جدید مشینری فراہم کی گئی، 9 ارب کی لاگت سے کسان کارڈ سکیم کے تحت بلاسود قرض فراہم کئے ، چھوٹے کسانوں کو اب تک 9500 ٹریکٹرز دیئے جاچکے ،2 ہزار 950 ایکڑ پر شجرکاری مکمل کرلی ، ایگریکلچر گریجویٹ پروگرام کے تحت ایک ہزار سے زائد نوجوانوں کو انٹرن شپ کرائی گئی، لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے مویشی پال سکیم میں کسانوں کو آسان قرض دیئے ، ماحولیاتی تحفظ کے ادارے کو فعال بنانے کیلئے 10ارب کے فنڈز مختص کئے گئے۔

بجٹ تقریر میں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے حکومتی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا ماحولیاتی آلودگی میں خاطر خواہ کمی آئی ، 85.5 ارب کی لاگت سے اپنی چھت اپنا گھر منصوبہ شروع کیا گیا، سیف سٹی منصوبہ پنجاب کے 19اضلاع میں جاری ہے، لاہور کے 400 مقامات پر مفت وائی فائی کی سہولت دی جا رہی ہے، پنجاب کی خواتین کو جدید آئی ٹی کورسز سے بااختیار بنایا جا رہا ہے، 12 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر کا عمل مکمل کیا گیا، پنجاب کیلئے ماحول دوست بسوں کی خرید اری کا عمل جاری ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا19ارب کی لاگت سے آسان کاروبارسکیم کارڈشروع کیا گیا،کھیلتا پنجاب پروگرام کے تحت 45 منصوبے شروع کئے ، 90لاکھ خاندانوں کی ڈیجیٹل رجسٹریشن مکمل کر لی ایسے نظام حکومت کی بنیاد رکھی جو معاشرے کے ہر طبقے کو براہ راست ریلیف دے رہا ہے، غربت کے خاتمے، روزگار کے مواقع کی فراہمی کو یقینی بنایا،ایک سال کے دوران ملکی جی ڈی پی کی شرح نمو میں اضافہ ہوا، مہنگائی پچھلی کئی دہائیوں کی کم ترین سطح ،شرح سود 22فیصد سے کم ہوکر 11فیصد پر آگئی ، کرنٹ اکاونٹ خسارہ سرپلس میں بدل گیا،زرمبادلہ ذخائر بڑ ھ کر 16.6ارب ڈالر پر پہنچ گئے۔

مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہاآئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوامی فلاح کو یقینی بنایا ،تخمینہ 5ہزار 335ارب ہے، ریکارڈ ساز 1240ارب کا ترقیاتی بجٹ رکھا گیا ،قرضوں کی کمی کو یقینی بنایا، معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد کیلئے 70ارب مختص کیے، سوشل سیکٹر کے تحت صحت ،تعلیم ودیگر شعبے ترجیح رہے،سوشل سیکٹر 494،تعلیم کیلئے 148 ارب مختص کیے گئے،ہونہار سکالر شپ پروگرام کے تحت 15 ارب کی لاگت سے طلبہ کو بہتر مواقع فراہم کیے جائیں گے، سی ایم لیپ ٹاپ سکیم کیلئے 15.1ارب مختص کیے گئے ،40ارب کی لاگت سے سرکاری سکولوں کی فلاح وبہبود ،آو¿ٹ سورسنگ کی جائےگی ، سرکاری سکولوں کو پرائیویٹ سیکٹر کے سکولوں سے بہتر بنائیں گے، 35ارب کی لاگت سے پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن پروگرام کے تحت تعلیم کی فراہمی کا معیار بہتر کیا جائےگا۔

صوبائی وزیر خزانہ نے کہاکم آمدنی والے خاندانوں کے بچوں کو معیاری تعلیم دی جائےگی، سکول وہیل پروگرام کے دائرہ کار کو وسیع کیا جارہا ہے، آئندہ مالی سال مزید ایک لاکھ12ہزار طلبہ کولیپ ٹاپس دئیے جائیں گے، 67کروڑ کی لاگت سے پنجاب میں پہلے آٹزم سکول کی بنیاد رکھ دی،حکومت صوبے بھر میں 8نئے خواتین کیلئے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالجز بنانے جارہی ہے،بجٹ میںشعبہ صحت توجہ کا مرکز ہے، صحت کے شعبہ کیلئے ریکارڈ 181ارب مختص کیے گئے ، صحت عامہ کے شعبے میں ترقیاتی فنڈز کی مد میں 450ارب،سرگودھا میںنوازشریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کیلئے 8.6ارب مختص کیے گئے ،بہاولپور ،رحیم یار خان میں 4ارب کی لاگت سے برن یونٹ کے قیام کا منصوبہ موجودہ بجٹ کا حصہ بنایا جارہا ہے، نشتر ہسپتال ملتان میں قائم برن یونٹ کے مریضوں میں کمی آئی ، سیالکوٹ میں ٹیچنگ ہسپتال کے قیام کیلئے 7ارب مختص کیے۔

مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا پنجاب کی بڑی تحصیلوں میں ریسکیو سٹیشنوں کے قیام کےلئے 2،2ارب کے تخمینے لگائے گئے ہیں، زراعت معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اقتدار سنبھالا تو زراعت کا شعبہ شدید بحران کا شکار تھا، آئندہ مالی سال کیلئے زراعت کے شعبے کی ترقی کیلئے 80ارب کے خطیر فنڈ مختص کردئیے،وفاقی محاصل سے پنجاب کو 4062.2 ارب کی منتقلی متوقع ہے جبکہ صوبائی سطح پر محاصل کا ہدف 828.1 ارب مقرر کردیا گیا،ٹارگٹڈ سبسڈیز کےلئے 72.27 ارب مختص کردئیے تاکہ مستحق طبقات کو مہنگائی کے اثرات سے بچایا جا سکے۔

وزیر خزانہ نے کہا صحافیوں ،میڈیا ورکرز کو اپنی چھت دینے کی سوچ کے تحت جرنلسٹ ہاوسنگ فاونڈیشن کےلئے بجٹ میں 40کروڑ کی رقم مختص کردی،صحافی برادری ،میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبود کےلئے جرنلسٹ انڈومنٹ فنڈ بھی قائم کیا جارہا ہے ،ایک ارب کی رقم مختص کردی گئی،صوبے بھر میں 100 نئے سہولت بازار قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیا، سہولت بازار پنجاب کی 100 تحصیلوں میں پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹیز ڈیپارٹمنٹ کے تحت قائم کیے جائیں گے ،تکمیل کی آخری تاریخ 30 جون 2026 ہے،منصوبے کےلئے آئندہ بجٹ میں 13 ارب مختص کرنے کی تجویز ہے، لاہور میں سہولت بازاروں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مزید 15 مقامات پر بازار قائم کئے جائیں گے،ڈی جی خان، بہاولپور، وہاڑی، لودھراں، لیہ، چکوال، فیصل آباد، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فاروق آباد، وزیرآباد، جڑانوالہ، بھلوال، چونیاں، پتوکی، منڈی بہاوالدین، اوکاڑہ، نارووال، چنیوٹ، شرقپور، جہلم میں سہولت بازار قائم کیے جائیں گے،غیر ترقیاتی اخراجات میں 6 فیصد اضافہ ہوگا،20 ارب سے رجسٹرڈ ورکرز کو راشن کارڈز دیئے جائیں گے، راشن کارڈ سے ورکرز کو کھانے پینے کی اشیا پر ماہانہ 3ہزار کی سبسڈی دی جائے گی۔