بجٹ 26-2025، پنشن اور قرضوں پر سود کی ادائیگیوں کا بوجھ مزید بڑھ گیا

اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی بجٹ 2025-26 میں پنشن کی ادائیگیوں کا مجموعی حجم 1055 ارب روپے تک پہنچ گیا، مالی سال 25-2024 میں پنشن کا تخمینہ 1014 ارب روپے تھا۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال میں مسلح افواج کے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی مد میں 742 ارب روپے ادا کیے جائیں گے جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 66 ارب روپے زیادہ ہیں۔

دوسری جانب سول سرکاری ملازمین کی پنشن کیلئے 243 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس میں رواں مالی سال کے مقابلے میں تقریباً 9 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ قرضوں پر سود کی ادائیگیوں کا بوجھ بھی بڑھا ہے، آئندہ مالی سال میں حکومت 7197 ارب روپے مقامی قرضوں کے سود کی ادائیگی پر خرچ کرے گی جبکہ بیرونی قرضوں کے سود کی ادائیگی کیلئے 1009 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق پنشن اور قرضوں پر سود کی ادائیگیاں ملکی بجٹ کا بڑا حصہ ہڑپ کر رہی ہیں جس سے ترقیاتی اخراجات اور عوامی فلاحی منصوبوں کیلئے وسائل محدود ہو رہے ہیں۔