عدالت عمران خان کو رہا کردے تو حمایت کروں گا:بلاول بھٹو

لندن: (مشرق نیوز) پاکستانی سفارتی مشن کے سربراہ وچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہاہے عدالت عمران خان کو رہا کردے تو حمایت کروں گا، پاک بھارت عوام امن چاہتے ہیں، نفرت ،تقسیم کے بیانیے کو دفن کر دیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد نے لندن میں ہاوس آف کامنز کے سپیکر سر لنزے ہوئل سے ملاقات کی،بلاول بھٹو زرداری نے سپیکر کو پہلگام واقعے کے بعد خطے میں بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورتحال ،بھارتی بلااشتعال فوجی کارروائیوں،سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے اقدام کو بھی اجاگر کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا ہندوستان پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر کے خطرناک مثال قائم کر رہا ہے،بھارت کی بلااشتعال جارحیت کو معمول نہیں بننے دینا چاہیے ، نیا معمول عالمی قوانین پر مبنی نظام کو کمزور کرے گا، بین الاقوامی معاہدوں کا احترام کیا جانا چاہیے،مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

چیئرمین پی پی نے برطانوی پارلیمانی انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ ہیمش فالکنر سے ملاقات میں بھارت کے یک طرفہ فوجی اقدامات کو خطے کےلئے خطرناک قرار دیدیا،ہیمش فالکنر نے پاکستان کی امن کی خواہش کا خیر مقدم کیا اورتمام تنازعات کے پرامن حل، کشیدگی کے خاتمے کےلئے برطانیہ کے تعاون کی یقین دہانی کرائی،دریں اثنا برطانوی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں بلاول بھٹو نے کہاعدالت عمران خان کو ضمانت پر رہا کردے تو حمایت کروں گا،کوئی اعتراض نہیں ہوگاکیونکہ ضمانت بانی پی ٹی آئی کا حق ہے، پاکستان میں ہر کیس کا قانونی طریقہ کار ہے ۔