عدالت نے انتخابی نشان کافیصلہ کیا، پی ٹی آئی نے خود سمجھ لیا سیاسی جماعت نہیں رہی:آئینی بنچ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں سے متعلق نظرثانی اپیلوں پر سماعت کے دوران ججز نے ریمارکس دئیے سپریم کورٹ نے صرف انتخابی نشان کا فیصلہ کیا تھا، تحریک انصاف پارٹی برقرار تھی، پی ٹی آئی نے خود ہی سمجھ لیا تھا سیاسی جماعت نہیں رہی، جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 11 رکنی آئینی بنچ نے سماعت کی، جسٹس جمال خان مندوخیل نے فیصل صدیقی سے مکالمہ کیا آپ نظرثانی کی حمایت کر رہے ہیں یا مخالفت، فیصل صدیقی نے جواب دیا جزوی طور پر آپ کے فیصلے سے اتفاق کرتے ہیں،جسٹس امین الدین نے کہا جسٹس جمال صاحب کے فیصلے کیخلاف آپ نے نظرثانی تو دائر ہی نہیں کی،جسٹس جمال مندوخیل نے سوال کیا فیصل صدیقی صاحب آپ نظر ثانی کو سپورٹ کررہے ہیں یا مخالفت ؟ سنی اتحاد کونسل کو13ججز نے کہا سیٹوں کی حقدار نہیں،وکیل نے کہا میں جسٹس مندوخیل کے فیصلے کو کسی تک سپورٹ کررہا ہوں، کبھی کبھار ہار کر بھی جیت جاتے ہیں،جسٹس امین الدین نے ریمارکس دئیے سب سے زیادہ متاثرہ آپ تھے، فیصل صدیقی نے کہا ہمیں تو سب سے ذیادہ خوشی ہے،جسٹس مندوخیل نے سلمان اکرم راجہ سے مکالمہ کیا مرکزی کیس میں آپ پی ٹی آئی کی طرف سے سنی اتحاد کونسل کو سپورٹ کررہے تھے، وکیل حامد خان نے کہا جان بوجھ کر پی ٹی آئی کو فریق نہیں بنایا گیا،جسٹس صلاح الدین پنور نے کہا کس بنیاد پر انہیں ریلیف دیا گیا جو فریق نہیں تھے؟ جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دئیے سپریم کورٹ نے صرف انتخابی نشان کا فیصلہ کیا تھا پارٹی برقرار تھی،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے سلمان اکرم راجہ نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تو کیس ریمانڈ کر دیا گیا، سلمان اکرم راجہ نے فیصلے کیخلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی تھی،جسٹس امین الدین نے کہا پی ٹی آئی نے خود ہی سمجھ لیا تھا وہ سیاسی جماعت نہیں رہے، جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے پی ٹی آئی خود کو پارٹی سمجھتی تھی تب ہی ٹکٹ جاری کیے تھے،جسٹس امین الدین نے ریمارکس کہا سوال یہ ہے فیصلے میں آدھے جیتے ہوئے امیدواروں کو حق دیا گیا کسی سیاسی جماعت میں جانے کا، کیا بہتر نہ ہوتا کہ تمام امیدواروں کو یہ حق دیا جاتا؟ فیصل صدیقی نے کہا آپ درست کہہ رہے ہیں میری ہار میں ہی میری جیت ہے،جسٹس مسرت ہلالی نے کہا آپ سنی اتحاد کونسل کے وکیل ہیں آپ پی ٹی آئی کی نمائندگی کیسے کرسکتے ہیں؟ اسی نقطے پر مرکزی کیس میں بھی آپ سے سوال پوچھا گیا تھا، آپ نے تحریک انصاف کی نمائندگی کیلئے اجازت لی ہے،فیصل صدیقی نے کہا کیس کے حقائق کی وجہ سے مجھے اجازت کی ضرورت نہیں،سپریم کورٹ کے فیصلے پر الیکشن کمیشن نے عملدرآمد نہیں کیا لہذا وہ امیدوار آج بھی سنی اتحاد کونسل کے ہیں جب تک فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہوتا امیدواروں کو سنی اتحاد کونسل کا مانا جائے گا،جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دئیے لیکن سوال یہ ہے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین اپنی جماعت اور نشان سے الیکشن کیوں نہیں لڑے، فیصل صدیقی نے کہا مرکزی کیس میں اس بات کا جواب دیا تھا اب مجھے یاد نہیں،جسٹس امین الدین نے کہا میں انکا جواب آپ کو بتاتا ہوں انہوں نے کہا تھا مجھے الگ الگ نشان دئیے جارہے تھے، فیصل صدیقی نے مو¿قف اپنایا میں اس سوال کا جواب ضرور دوں گا پہلے میں نظرثانی درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دے لو،جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دئیے آپ جس سوال کا جواب نہیں دینا چاہتے اس پر کہتے ہیں بعد میں دوں گا، فیصل صدیقی نے کہا 8 اکثریتی ججز کے فیصلے میں صاحبزادہ حامد رضا کو بھی تحریک انصاف کا ڈکلیئر کیا گیا تھا جب میں دلائل مکمل کرلوں گا بہت سے جواب دینے کی ضرورت ہی نہیں رہے گی، اکثریتی فیصلے میں الیکشن رول 94 کو کالعدم قرار دیا گیا،جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا جس رول کو چیلنج کیا گیا وہ تو چیلنج ہی نہیں تھا، وکیل نے کہا جی آپ درست کہہ رہے ہیں، وہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج ہوا تھا،جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کیا پی ٹی آئی نے آپ کو اپنا وکیل کیا ہے کہ ان کا کیس لڑیںاور کیا سنی اتحاد کونسل کوپتہ ہے کہ آپ ان کے ارکان کے مفاد کے خلاف بات کریں گے، کیا آپ اس بات سے اتفاق کرتے ہیں سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہیں ملنا چاہئیں، وکیل سنی اتحاد کونسل نے کہا جی میں اکثریتی فیصلے سے اتفاق کرتا ہوں میری ہار میں میری جیت ہے،سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت آج ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کردی گئی۔