نئی دہلی:(مشرق نیوز) بھارت کی پاکستان کو عالمی سطح پر معاشی طور پر کمزور کرنے کی سازشیں پھر بے نقاب ہو گئیں۔
سفارتی ذرائع و سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت نے نہ صرف پاکستان کےخلاف جھوٹا عالمی پروپیگنڈو شروع کیا بلکہ دوبارہ ایف اے ٹی ایف (فنانشل ایکشن ٹاسک فورس) کی گرے لسٹ میں شامل کرانے کی بھرپور کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے ایف اے ٹی ایف کو بے بنیاد الزامات پر مشتمل ڈوزیئر پیش کیا گیا ،مقصد پاکستان پر عالمی مالیاتی دباو ڈال کر ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا ہے، بھارت پاکستان کی اقتصادی بحالی و ترقی سے خائف ہے۔
سیاسی مبصرین نے کہا بھارت کی جانب سے پاکستان کےلئے منظور کردہ ور لڈ بینک کے 20 ارب ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں کی شدید مخالفت سے مذموم عزائم مزید عیاں ہو گئے ،بھارت کی کوشش ہے پاکستان کو مالی امداد سے محروم کر کے ترقیاتی عمل کو روک دیا جائے تاکہ ملک کو اندرونی طور پر عدم استحکام کا شکار کیا جا سکے۔
ماہرین نے کہابھارت خطے میں اپنی بالادستی قائم رکھنے کےلئے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے، تمام اقدامات سیاسی دشمنی و پاکستان کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی خواہش کا مظہر ہیں،پاکستانی حکام نے عالمی برادری سے اپیل کی بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں اور خطے میں امن و ترقی کے فروغ کےلئے پاکستان کے مثبت اقدامات کی حمایت کریں۔
بھارت کی پاکستان کو دوبارہ فیٹف گرے لسٹ میں شامل کرانے کی سازش
















