خودکشیوں میں اضافہ، رواں ماہ 12 افراد نے زندگی کا خاتمہ کرلیا

لاہور (علی جنید) لاہور میں خودکشی کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہونے لگا ۔ رواں ماہ کے پہلے 23 دنوں میں مختلف وجوہات پر 12 افراد نے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کرلیا۔ مختلف علاقوں میں خودکشی کرنے والوں میں ایک خاتون سمیت 11 مرد شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 2 مئی کو برکی کے علاقہ پیراگون سٹی میں 40 سالہ امداد حسین نے خود کو گولی مار لی۔ 2 مئی کو ہی کاہنہ میں 22 سالہ آفتاب میو نے گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں۔ 5 مئی کو جعفریہ کالونی شیراکوٹ میں 40 سالہ رضا عباس نے سر میں گولی مار کر اپنی جان گنوائی۔6 مئی کو ہربنس پورہ پیر نصیر روڈ پر 30 سالہ عمر نے اپنے سینے میں گولی مار کر خودکشی کی۔ 13 مئی کو سندر میں سابق کسٹم آفیسر عثمان نے اپنی اہلیہ عائشہ کو زخمی کرنے کے بعد سر میں گولی مار دنیا سے منہ پھیر لیا۔ 16 مئی کو گلستان کالونی باغبانپورہ میں 40 سالہ عبدالغفار نے گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا کر اپنی جان لی۔ 18 مئی کو شاہدرہ کی چوکی سگیاں کے علاقہ میں 35 سالہ نجمہ بی بی نے خود سوزی کی۔ 18 مئی کو اعوان مارکیٹ نشتر کالونی میں 21 سالہ عادل نے گلے میں پھندا ڈال کر اپنی جان دیدی۔ 19 مئی کو باٹا پور میں نعمان نامی نوجوان نے 24 سالہ نمرہ کو زخمی کرنے کے بعد اپنے سر میں گولی مار ی۔ 20 مئی کو یوسف نگر شیراکوٹ میں 24 سالہ سفیان منظور نے زہریلی گولیاں کھا کر اپنی جان لے لی۔ 20 مئی کو باٹا پور کے علاقہ میں 22 سالہ نعمان نے عشق کی ناکامی پر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ 21 مئی گجر پورہ چائنہ سکیم 35 سالہ زہیب نے نامعلوم وجوہات پر لکڑی کے آرے سے شہ رگ کاٹ کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ مجموعی طور پر خودکشی کے واقعات میں گھریلو تنازعات اور ذاتی نوعیت کے محرکات کار فرما رہے۔