وزیراعلیٰ پنجاب نے جدید ترین کلائمیٹ آبزرویٹری بنانے کی منظوری دےدی:مریم اورنگزیب

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خطے کی سب سے بڑی اور جدید ترین کلائمیٹ آبزرویٹری (موسمیاتی رسدگاہ) کے قیام کی منظوری دیدی ، اس اہم منصوبے کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں کی بروقت پیشگوئی، تجزیے اور پالیسی سازی میں مدد فراہم کرنا ہے۔اعلیٰ سطحی اجلاس میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کلائمیٹ آبزرویٹری پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ہا¶س میں قائم کی جائے گی جبکہ اس کی عمارت ای آئی سی ٹی میں تعمیر ہوگی۔ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور نے آبزرویٹری کے قیام سے متعلق اپنی جامع رپورٹ پیش کر دی ہے۔منصوبے کیلئے بجٹ، آلات اور زمین کی فراہمی کا فزیبلٹی پلان بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ آبزرویٹری میں جدید خودکار کمیونی کیشن اور لنکج سسٹم نصب کیا جائیگا جبکہ جی آئی ایس لیب، سیکٹورل انٹرفیس سسٹم اور جدید ڈیٹا ہب کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایم آر آئی سسٹم کے ذریعے سائنسی تحقیق کو مزید موثر بنایا جائیگا۔عالمی معیار کا پروفیشنل سٹاف بھرتی کیا جائیگا اور انٹر ن شپ پروگرامز کے ذریعے ہر شعبے کیلئے ماحولیاتی ماہرین تیار کئے جائیں گے۔ اجلاس میں ڈیٹا آرکائیو سسٹم، کوآرڈینیشن یونٹ اور انٹرنیشنل کمیونی کیشن سیل کے قیام کی بھی منظوری دیدی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے نمٹنے کیلئے ایک جامع پلان پیش کیا ہے۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے اسے ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے ایک انقلابی قدم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے کو جدید ترین مینجمنٹ ماڈل کے تحت چلایا جائیگا اور اس کیلئے سمارٹ آرگینوگرام بھی تیار کیا جائیگا۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ یہ آبزرویٹری نہ صرف صوبہ پنجاب بلکہ پورے خطے کیلئے ماحولیاتی تحقیق، معلومات کے تبادلے اور پالیسی سازی میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔