بھارت ریاستی دہشتگردی میں ملوث ،مذاکرات میں کشمیر پر بات ضرور ہوگی،پاکستان

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان نے ارونا چل معاملے پر چین کی حمایت کرتے ہوئے کہاہے بھارت نے پورے خطے کو جنگ میں دھکیلا، پاکستان نے جارحیت کا جواب دیا،ثابت کیا عزت ،وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہابھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا ، پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے 6 جنگی طیارے گرائے،متعدد دوست ممالک کی کوششوں سے جنگ بندی ممکن ہوئی، سیز فائر کےلئے دوست ممالک کے کردار کو سراہتے ہیں، مستقبل میں بھی کوئی جارحیت کی گئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے افغان وزیر دفاع کے بھارت کے مبینہ خفیہ دورے پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا بھارت ،افغانستان کو خودمختار ،آزاد ریاستیں تسلیم کرتے ہیں، علاقائی امن کےلئے باہمی احترام ،عدم مداخلت کی پالیسی ضروری ہے،کسی ملک کے دوسرے ممالک سے تعلقات پر تبصرہ نہیں کرتے، ہر ریاست کو خود مختار حیثیت میں اپنی خارجہ پالیسی بنانے کا حق حاصل ہے۔

شفقت علی خان نے کہاپاکستان مسائل کے پر امن حل پر یقین رکھتا ہے، دوست ممالک سے توقع رکھتے ہیں ان کے تعلقات پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہوں، پاکستان خودمختار ریاست اور اپنی سالمیت کے تحفظ کا حق رکھتا ہے، یورپی وزرا کے دورہ پاکستان اور بھارت دونوں میں توازن دیکھا جانا چاہیے،مسئلہ کشمیر کا حل خطے کے پرامن مستقبل کےلئے ضروری ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں،جوہری تابکاری کی بھارتی رپورٹس بے بنیاد ہیں، جنگ بندی پر ڈی جی ایم اوز 10 مئی سے وقتاً فوقتاً رابطے میں ہیں،بھارت ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے،مذاکرات میں کشمیر پر بات ضرور ہوگی۔