اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور،کراچی،پشاور:(بیورورپورٹ،خبر نگار) آپریشن بنیان مرصوص میںبھارت کیخلاف تاریخی فتح پرملک گیر یوم تشکر،تقاریب،ریلیاں،پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
دن کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں قرآن خوانی ،خصوصی دعاوں سے ہوا ،وفاقی دارالحکومت 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی،مرکزی تقریب پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں ہوئی،سروسزچیفس،وفاقی وزرائ، غیر ملکی سفارتکاروں نے شرکت کی،معروف کرکٹرز شاہد آفریدی، شعیب اختر اور عمر گل کی موجودگی نے تقریب کو مزید یادگار بنا دیا، مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے مہمان خصوصی وزیراعظم شہباز شریف سمیت شرکا کو سلامی دی،شہدا ، غازیوں اور ملکی سلامتی کےلئے خصوصی دعا کی گئی۔
تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے شاہینوں نے شاندار فلائی پاسٹ کے ذریعے قوم کے عزم ،ولولے کو سلام پیش کیا،سائرہ نسیم، ساحر علی بگا ، شبنم مجید نے اے راہ حق کے شہیدوں جیسے ملی نغمے پیش کرکے سماں باندھ دیا،مختلف تعلیمی اداروں کے بچوں کی جانب سے شہداءکی یاد میں ملی نغمے پیش کیے گئے، شرکا نے خوب سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا وطن کےلئے جانیں دینے والے شہداءکو سلام پیش کرتا ہوں،بھارت نے پہلگام واقعہ کی غیر جانبدارانہ عالمی تحقیقات کی پیشکش کو ٹھکرایا، مخلصانہ پیشکش کا محبت سے جواب دینے کی بجائے جارحیت کا راستہ اختیار کیا، بھارتی حملے میں مائیں بہنیں اور جوان شہید ہوئے، دشمن کے 5نہیں 6جہاز گرائے،رافیل ،ڈرونز گرنے کے باوجود دشمن دھمکیاں دیتا رہا۔
شہبازشریف نے کہا آرمی چیف نے 9مئی کی رات فون پر کہا بھارت نے ایئرپورٹ پر میزائل لانچ کردئیے، اجازت دیں دشمن کے منہ پر ایسا تھپڑ رسید کریں عمر بھر یاد رکھے پھر دنیا نے دیکھا پٹھان کوٹ، ادھم پور اور کہاں کہاں حملے کیے کہ دشمن کو سرچھپانے کی جگہ نہیں ملی، جوابی حملے کے بعد جنرل سید عاصم منیر کا دوسرا فون آیاپاکستان کے بھرپور جواب کے بعد دشمن نے سیز فائر کی پیشکش کی ہے،میں نے کہا اس سے بڑی عزت کی کیا بات ہوسکتی ہے آپ نے دشمن کو سیزفائر پر مجبور کردیا ،سیزفائر کی پیشکش قبول کرلیں۔
وزیراعظم نے کہا ایئرچیف اور شاہینوں نے جس طرح ملک میں تیار کردہ ٹیکنالوجی کو چینی طیاروں کےساتھ استعمال کیا دنیا کے ہوش اڑگئے ،دوستوں کا اعتماد آسمان پر جاپہنچا،امریکہ سے لےکر جاپان تک اور ہر جگہ بات ہورہی ہے پاکستان کی افواج نے کس طرح خاموشی سے صلاحیت حاصل کرلی۔
شہبازشریف نے کہاپشاور سے کراچی تک پوری قوم یک جان دو قالب اورمسلح افواج کے پیچھے کھڑی ہے، 10مئی کو کروڑوں پاکستانیوں نے فوج کی فتح کےلئے دعائیں کیں، دنیا کو پیغام دیا اپنے دفاع کےلئے تیار ہیں،دن صدیوں بعد نصیب ہوتا اور قومی تاریخ کا ناقابل فراموش لمحہ ہے، آرمی چیف کی قیادت کواپنی اورقوم کی طرف سے سلام پیش کرتاہوں،پاک فضائیہ نے معرکہ حق کے دوران نئی تاریخ رقم کر دی، پاکستان کے جواب نے چند گھنٹے میں پورا منظر نامہ بدل کر رکھ دیا۔
وزیراعظم نے کہاپاکستان کی حکمت عملی نے خود کو خطے کا حاکم سمجھنے والے دشمن کوچکرا کر رکھ دیا اور غرور کو خاک میں ملا یا،امن کےلئے امریکی صدر نے قائدانہ کردار ادا کیا، کشیدگی میں کمی کےلئے صدر ٹرمپ کا معترف ہوں، کشیدہ صورتحال میں یکجہتی کے اظہار پر دوست ممالک کے بھی شکر گزار ہیں۔
شہبازشریف نے کہا امن پسند ہمسائیوں کی طرح تنازع جموں و کشمیر سمیت دیگر تصفیہ طلب مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا ہو گا، خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے،بات چیت سے ہی مسائل کا حل نکلتا ہے، خطے کی خوشحالی کےلئے مسائل حل کرنا ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہاانسداد دہشت گردی ،تجارت کے فروغ سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں، پاکستان سب سے زیادہ دہشت گردی سے متاثرہ ملک ہے، بہادر مسلح افواج دہشتگردوں کو نہ روکتیں تو پوری دنیا کو سامنا کرنا پڑتا،جنگ جیت لی اور دشمن کو سبق سکھا دیا، خطے میں امن چاہتے ہیں،پاکستان وسائل سے مالا مال ملک اب معاشی میدان میں بھی10مئی لاناہے، قوم تیارر ہے، شبانہ روز دن رات محنت اور خون پسینہ بہانا ہو گا۔
قبل ازیں صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف نے دفاع وطن کےلئے جان کا نذرانہ دینے والے سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے گھر جاکر والدین ،عزیز و اقارب سے اظہار تعزیت کیا اور عثمان یوسف شہید کے عزم ،فرض شناسی کو سراہا۔
بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف ،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال ( سی ایم ایچ) راولپنڈی کا دورہ کیا اور بھارتی جارحیت کے دوران دفاع وطن کا فریضہ انجام دیتے ہوئے زخمی ہونےوالے جوانوں ،شہریوں کی عیادت کی، دونوںفرداً فرداً زخمیوں کے پاس گئے ،خیریت دریافت کی۔
ملک گیر یوم تشکر،بھرپور جوابی حملے سے بھارت سیز فائر پرمجبور ،دشمن منہ پرلگنے والا تھپڑ عمر بھریاد رکھے گا،شہباز
















