اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان نے عالمی برادری سے بھارت میں ایٹمی تنصیبات اور مواد کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کامطالبہ کردیا۔
اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہابھارتی وزیر دفاع راجناتھ کابیان قابل مذمت ہے،دفاعی صلاحیت بھارت کو روایتی محاذ پر روکنے کیلئے کافی ہے، پاکستان کسی دھمکی سے مرعوب نہیں ہوگا، بھارت میں ایٹمی مواد کی متواتر چوری اور سمگلنگ پر عالمی برادری کو تشویش ہونی چاہئے۔
دفتر خارجہ نے کہا بھارت خود ساختہ جوہری بلیک میل کے جنون میں مبتلا ہے، بھارتی وزیر دفاع کے ریمارکس بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے مینڈیٹ ،ذمہ داریوں سے مکمل لاعلمی کا بھی ثبوت ہیں،گزشتہ سال بھارت کے شہر دہرہ دون میں بھابھا ایٹمی تحقیقاتی مرکزسے چوری شدہ تابکار آلہ رکھنے والے 5افراد گرفتار کیے گئے، ایک گروہ کے قبضے سے انتہائی تابکار اور مہلک مادہ کالیفورنیئم برآمد ہوا، مالیت 10 کروڑ امریکی ڈالر سے زائد تھی،واقعات بھارت میں جوہری و تابکار مواد کی سکیورٹی کے ناقص اقدامات اور خطرناک بلیک مارکیٹ کے وجود کی نشاندہی کرتے ہیں،بھارت اپنے جوہری اثاثوں اور تنصیبات کی سکیورٹی یقینی بنائے۔
دنیا بھارت میں ایٹمی تنصیبات ، مواد کی سکیورٹی کا جائزہ لے:پاکستان
















