لاہور (مرزا ندیم بیگ) محکمہ جیل خانہ جات پنجاب نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو کروڑوں کی اراضی کے تحفظ کو یقینی نہ بنانے پر نوکری سے جبری ریٹائرڈ کردیا۔ نور حسن بگھیلا کو بطور سپر نٹنڈنٹ سنٹرل جیل فیصل آباد کے ساتھ ملحقہ سرکاری اراضی کے تحفظ کو یقینی نہ بنانے اور محکمانہ رٹ کیخلاف جانے کی وجہ سے نوکری سے جبری ریٹائرڈ کیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ جیل سپرنٹنڈنٹ جب فیصل آباد میں تعینات تھا اس وقت وہاں پر جیل کے قریب ایک سرکاری اراضی پر وہاں کے کچھ بااثر لوگوں نے قبضہ کررکھا تھا، جس کے بارے میں علم ہوا تو اس وقت جو انکوائری کی گئی اس میں الزام لگا کہ جبری ریٹائرڈ ہونے والے سپرنٹنڈنٹ نے ملی بھگت کی وجہ سے انکے خلاف کچھ نہیں کیا تھا جس کے بعد انکوائری کی گئی۔ اس دوران اسے وہاں سے آئی جی جیل پنجاب آفس رپورٹ کا حکم دیا گیا تھا۔ نور الحسن بگھیلا انسپکٹوریٹ آف پریژن پنجاب میں اپنی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہا تھا۔ نور حسن بگھیلا کو انکوائری رپورٹ کی روشنی میں الزامات ثابت ہونے پر تمام تر قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے نوکری سے جبری ریٹائرڈ کیا گیا ہے۔ ہوم سیکرٹری پنجاب نے نوکری سے برخاست کر دیا جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل نور حسن بگھیلا بطور سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل فیصل آباد، سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل ساہیوال، سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل لاہور اور سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اوکاڑہ فرائض سر انجام دے چکے ہیں جبکہ اس حوالے سے نور الحسن بھگیلا کا کہنا تھا کہ اس پر لگایا گیا الزام بے بنیاد تھا، وہ کسی بھی ایسی کارروائی میں ملوث نہیں تھا۔
کروڑوں کی سرکاری اراضی کے تحفظ میں ناکامی، سپرنٹنڈنٹ جیل ملازمت سے جبری ریٹائر
















