معرکہ حق میں11جوان ،40 شہری شہید،آئندہ کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائےگا، آئی ایس پی آر
راولپنڈی:(بیورورپورٹ)معرکہ حق میں11جوان ،40 شہری شہید،آئی ایس پی آر نے تفصیلات جاری کر دیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق معرکہ حق کے دوران وطن کا تحفظ کرتے ہوئے 11 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ،78 اہلکار زخمی بھی ہوئے، مادر وطن پر قربان ہونےوالوں میں آرمی 6 ،فضائیہ کے 5 اہلکار سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب،نجیب سلطان، مبشر ،فاروق ، عبدالرحمن، دلاور ،اکرام ،وقار خالد‘عدیل اکبر اور نثارشامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی فوج نے 6 ،7 مئی کو بلااشتعال حملے شروع کئے، 7 خواتین ،15 بچوں سمیت 40 عام شہری شہید ،121 افراد زخمی ہوئے،شہداءقوم کا فخر ہیں،قربانی جرات، جذبے ، محب الوطنی کی شاندار علامت ہے، عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر نے کہازخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں، قوم جارحیت کے سامنے پرعزم ہے، کوئی ابہام نہیں رہنا چاہیے،ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، آئندہ کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائےگا۔
دریں اثنا آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاک فضائیہ نے دشمن کو دھول چٹا ئی، پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی میں بھارتی لڑاکا طیارے کہاں کہاں گرے، تفصیلات سامنے آ گئیں۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا بھارتی لڑاکا طیارے مختلف علاقوں میں گر کر تباہ ہوئے، پائلٹس زخمی یا لاپتہ ہیں،ایک بھارتی طیارہ اننت ناگ میں گر کر تباہ ہوا، پائلٹ کی ہلاکت کا خدشہ ہے،بھارتی فضائیہ کا دوسرا طیارہ پلوامہ میں گر کر تباہ ہوا، دونوں پائلٹس شدید زخمی حالت میں سری نگر ہسپتال منتقل کیے گئے،تیسرا طیارہ اکھنور میں گرا، دونوں پائلٹس کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
مزید تفصیلات کے مطابق بھارتی طیارے کی ایجکشن سیٹ پہی گاڈول کوکرناگ کے علاقے سے ملی،چوتھا بھارتی لڑاکا طیارہ ضلع رام بن میں گرکرتباہ ہوا،طیارے کے پائلٹ اقبال سنگھ کو آرمی ہسپتال ادھم پور منتقل کیا گیا،بھارتی فضائیہ کا 5واں طیارہ بھٹنڈہ کے علاقے میں گرکرتباہ ہوا، بھارتی ہیرون ریموٹ پائلٹڈ وہیکل جموں کے مشرق میں13ناٹیکل میل دور گری۔



















