لاہور (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے ملکی ترقی کیلئے اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہونا وقت کی ضرورت ہے،حکومت کا اڑان پاکستان منصوبہ علامہ اقبال کے خودی کے تصور کی عملی صورت ہے،بطور قوم ہمیں اپنے آپ کو پہچانتے ہوئے اپنی تقدیر خود لکھنا ہو گی ،آج کے نوجوانوں کو فکر اقبال سے روشناس ہونے کی ضرورت ہے ، کوشش ہے کہ ایسا تعلیمی میدان تشکیل دیا جائے کہ ہمارا تعلیم یافتہ نوجوان دنیا کا مقابلہ کر سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقبال اکادمی پاکستان کے زیر اہتمام ”عصر حاضر میں فکر اقبال “کے عنوان سے بین الاقوامی اقبال کانفرنس 2025ءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ اقبال کے پڑپوتے منیب اقبال،ڈائریکٹر اقبال اکیڈمی ڈاکٹر عبدالرﺅف رفیقی،طلبہ و طالبات اور مختلف مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے شاعر مشرق علامہ اقبال کی 87ویں برسی پران کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبال صرف ایک شاعر ہی نہیں بلکہ ایک ایسے اہل بصیرت رہنما تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن کا تصور پیش کیا، ان کا فلسفہ خودی اور ان کی شاعری نے نہ صرف تحریک پاکستان کو نظریاتی بنیاد فراہم کی بلکہ بر صغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کے اندر ایک نئی روح پھونکی،انہوں نے نہ صرف مسلمانوں کو سیاسی ،فکری اور روحانی طور پر متحد کیا بلکہ بر صغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو اپنی جداگانہ تہذیب، ثقافت اور شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کا پیغام دیا،مفکر پاکستان نے ایک غلام قوم کو آزادی کی راہ دکھائی اور اپنے پیغام سے محکوم قوم کے ذہنوں کی آبیاری کی جس کی بدولت آج ہم ایک آزاد ملک میں رہ رہے ہیں ۔دریں اثناءوفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پانی کے مسئلے پر ہمیں سیاست نہیں کرنی چاہیے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک صوبہ دوسرے صوبے کے پانی کا ایک قطرہ بھی سلب نہیں کر سکتا، صوبائی منافرت پیدا کرنے کے بجائے اس معاملے کو انجینئرز کے حوالے کریں۔انہوں نے کہا کہ جذبات بھڑکانے کی سیاست کی تو واٹر سکیورٹی کے معاملے پر مشکلات ہوں گی، اس پر نقصان سب کا ہو گا، ایک صوبہ نہیں ہارے گا، تمام صوبے نقصان اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس سال بھی بارشیں 40 فیصد کم ہوئی ہیں، آنے والے سالوں میں سیلاب اور بدترین خشک سالی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،ہمارے ملک کو اس وقت فوڈ اور واٹر سکیورٹی کے 2 بہت بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔
اڑان پاکستان منصوبہ علامہ اقبال کے ترقیاتی وژن سے متاثر ہوکر تشکیل دیا: احسن اقبال
















