نظام کی بہتری کےلئے 26 ویں ترمیم کی گئی، ضرورت ہوئی تو مزید قانون سازی کرینگے:اعظم نذیر تارڑ

لاہور(اپنے رپورٹر سے) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے 26 ویں ترمیم سٹرکچرل ریفارم ہے جو نظام کی بہتری کےلئے کی گئی،علم غیب کسی کے پاس نہیں ، ضرورت کے تحت کل کو اگر کوئی چیز کرنا پڑی تو تمام اتحادی جماعتیں و پارلیمنٹ بیٹھ کر سوچیں گی،پنجاب بار کونسل میں 2 روزہ بین الاقوامی مصالحت و ثالثی ٹریننگ کا آغاز ہوگیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا 15 سال پہلے احمد نعیم سے گزارش کی تھی سیکھنے کے عمل میں ہمارا ساتھ دیں،لاہور کا شکریہ کہ جو رسپانس ہے وہ خوش آئند ہے، اے ڈے آر کی مصالحت کی بات ہو، کہا جائے یہ جوڈیشل سسٹم کا حصہ نہیں یہ غلط ہے، یہ ایڈووکیسی کی نئی شکل ہے، حکومت پاکستان نے وقت کی اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے آئی میک کا سنگ بنیاد رکھا، میرے پاس بہت وائبرنٹ ٹیم ہے، بنیادی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہمارا کام ہے باقی آپ کا کام ہے، پاکستان نے اپنے آپ کو عالمی کمیونٹی میں رہنے کےلئے اور اپنا رول پلے کرنے کےلئے بل تیار کر لیا ، صوبائی اسمبلیوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے قراردادیں پیش کیں، 3 لاکھ مقدمات ہائیکورٹس میں پینڈنگ ہیں، سپریم کورٹ میں بھی ایسے ہزارہا کیس ہیں،وزیر قانون نے کہا جو مقدمات سپریم کورٹ میں نہیں آنے چاہئیں، ان کےلئے الگ سے بنچ اور ٹائم مختص کر دیا گیا ہے، جو نئے قانون میں شقیں ہیں، اس میں آپ کو زیادہ روم ملے گا، وکلا کا رول کم ہونے کے بجائے بڑھا ہے، مستقبل کی وکالت کا آپ کو حصہ ہونا ہے،نئی چیزوں کو نئے آئیڈیا کو لے کر چلیں گے تو بلندیوں تک جائیں گے، علم کا قانون کا یہ ایک اور آسمان ہے جس پر ہمیں پرواز کرنا ہے، امید کرتا ہوں اگلے دو روز پوری دلچسپی کے ساتھ ہماری ٹیم کے ساتھ کام کریں گے،بعد ازاں اعظم نذیر تارڑ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میری خواہش ہے کراچی کی طرح لاہور میں بھی ایک ہی جگہ عدالتیں ہوں، اس کا سب سے زیادہ فائدہ بار اور پھر سائلین کو ہے، جوڈیشل افسران کےلئے بھی اس میں سہولت ہے،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے پلان حکومت پنجاب کو بھیجا ہے، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اس کےلئے بالکل تیار ہیں،26ویں ترمیم ایک سٹرکچرل ریفارم ہے جو کہ نظام کی بہتری کےلئے کی گئی ہے، میرا نہیں خیال 26ویں ترمیم کے بعد کسی ترمیم کی ضرورت ہے،وفاقی وزیرنے کہا بار کونسلز کے انتخابات کو صاف شفاف رکھنے کےلئے ووٹرز کی ڈیجیٹلائزیشن کریں گے، سٹیمرز، بینرز، کھانوں اور زائد خرچہ پر پہلے بھی پابندی ہے لیکن اب یہ قانون کا حصہ ہو گا،آپ اگر فوجی تنصیبات پر حملہ آور ہوں گے، آپ اگر سرکاری پراپرٹی اور پولیس وینز جلائیں گے تو آپ کو پھولوں کے ہار تو نہیں پہنائے جائیں گے،وفاقی حکومت جو پیسے ہائیکورٹ بارز کو دیتی ہے وہ پیسے ہم نے پچھلے اور اس سے پچھلے سال لاہور ہائیکورٹ بار کو دئیے تھے، اگر خیبر پختونخواحکومت اپنے صوبے پر خرچ کرے اور وہاں کے عدالتی نظام کو بہتر کرے تو زیادہ خوشی ہو گی۔