راولپنڈی ،لاہور،پشاور،کراچی(بیورورپورٹ،خبر نگار)سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے شہدا،غازی فخر ہیں، شہدا کا احترام ہر پاکستانی کیلئے مقدس ،آزادی و امن بہادر سپوتوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے،آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میںفوجی افسروں ،جوانوں کو اعزازات دینے کی تقریب ہوئی،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے آپریشنز کے دوران قوم کےلئے جرات و بہادری کی داستانیں رقم کرنے والے افسروں ،جوانوں کو اعزازات سے نوازا۔
تقریب میں سینئر حکام ،اعزازحاصل کرنے والے جوانوں ،افسروں کے خاندانوں نے شرکت کی، افسروں ،جوانوں کو ستارہ امتیاز( ملٹری) ،تمغہ بسالت سے نوازا گیا، شہدا کے میڈلز اہلخانہ نے وصول کیے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا شہدا ،غازی فخر ہیں،آزادی ،امن بہادر سپوتوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، مادر وطن کےلئے جان کا نذرانہ پیش کرنےوالے جرات و بہادری کے پیکر شہدا کے اہلخانہ کی ثابت قدمی اور عزم بھی قابل تحسین ہے۔
سربراہ پاک فوج نے کہادہشتگردی خطرات ،کارروائیوں کو ناکام بنانے کےلئے پاک فوج ،قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی انتھک محنت ، کوششیں اور غیرمتزلزل عزم قابل تعریف ہے،دریں اثناپشاور، لاہور ،کر اچی میں بھی پاک فوج کے افسروں ، جوانوں کو بہادری، قربانی و شاندار خدمات کے اعتراف میں فوجی اعزازات سے نوازنے کی پروقار تقریبات ہوئیں،پاک فوج کے اعلیٰ افسروں، شہدا کے اہل خانہ اور اعزاز یافتگان کے رشتے داروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور میں ہونے والی تقریب میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے 2 شہید جونیئر کمیشنڈ افسروں،47 سپاہیوں کے اہل خانہ کو تمغہ بسالت سے نوازا،4 افسروں کو ستارہ امتیاز (ملٹری) ،11 کو تمغہ امتیاز (ملٹری) عطا کیا گیا،لاہور میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فیاض شاہ ہلال امتیاز (ملٹری) نے 3 جونیئر کمیشنڈ افسروں، 24 سپاہیوں کو مادر وطن کےلئے عظیم قربانیوں پر تمغہ بسالت سے نواز،28 افسروں کو ستارہ امتیاز (ملٹری) ،72 افسروں کو تمغہ امتیاز (ملٹری) دیا گیا، شہدا کے اعزازات بعد از مرگ قریبی رشتے داروں کو پیش کئے گئے۔
کراچی میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر کی زیر صدارت ہونے والی تقریب میں 10 افسروں کو ستارہ امتیاز (ملٹری)، 4 افسروں کو تمغہ امتیاز (ملٹری) اور 16 سپاہیوں کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا،تقریبات میں شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت ،قومی سلامتی ،دفاع کےلئے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا، افسروں،جوانوں کی شجاعت، جذبہ قربانی اور خدمت کو سراہتے ہوئے مقررین نے کہا ایوارڈز قوم کے ہیروز کی قربانیوں کا اعتراف ہیں۔
آزادی و امن بہادر سپوتوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے:آرمی چیف



















