لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے قصور میں لڑکے لڑکیوں کی گرفتاری کے بعد ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے کیس میں ریمارکس دئیے کہ پولیس کو یہ اختیار کس نے دیا کہ لوگوں کو گنجا کر کے انکی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کریں۔ قصور میں لڑکے اور لڑکیوں کی گرفتاری کے بعد ویڈیو وائرل کرنے سے متعلق کیس میں توہین عدالت کی درخواست پر سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیا باجوہ نے کی۔ عدالتی حکم پر ڈی پی او قصور عدالت میں پیش ہوئے جس دوران جسٹس علی ضیا باجوہ نے استفسار کیا لوگوں کو گنجا کر رہے ہیں اور ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر ڈال رہے ہیں؟ پولیس کو یہ اختیار کس قانون نے دیا ہے؟ کیسے کسی بندے کو پکڑ کر گنجا کرکے ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر ڈال دیتے ہیں؟ جسٹس علی ضیا باجوہ نے پوچھا اس ملک میں کوئی قانون رہ گیا ہے یا نہیں؟ ویڈیو میں بھارتی فلم کا کلپ مکس کرکے پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا پیج پر اپ لوڈ کیا گیا۔ عدالت نے ڈی آئی جی کو کل پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئی جی واقعہ کی رپورٹ پیش کریں۔ ڈی پی او نے عدالت کو بتایا کہ جس نے ویڈیو بنائی اس کو معطل کر دیا گیا ہے جن لوگوں نے ویڈیو وائرل کی ان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر دیا گیا ہے، ایس ایچ او کو بھی نوکری سے فارغ کرنے کی سفارش کر دی گئی ہے، آر پی او ایس ایچ او کو فارغ کر سکتا ہے۔ جسٹس علی ضیا باجوہ نے کہا عدالت کسی بھی قسم کے غیر قانونی کام کی اجازت نہیں دیگی، کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کریں مگر اس کے عمل کو پبلک کیوں کریں؟ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر نے ملزموں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی تھی، تفتیشی افسر نے ملزموں کو مقدمہ میں سہولت دی، اسے نوکری سے فارغ کرنے کی سفارش کی ہے۔ عدالت نے کہا کہ کیسی سہولت دی؟ کسی مذہب یا معاشرے میں ایسے عمل کی اجازت نہیں ہوتی۔ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کا کہنا تھا فارم ہاو¿س پر غیر اخلاقی سرگرمیوں اور پارٹیوں کا انعقاد ہوتا ہے، جس پر عدالت نے کہا ایسے کام کی کوئی اجازت نہیں، پولیس کو اس پر کارروائی کرنی چاہئے مگر ویڈیو بنا کر وائرل کرنے کی اجازت نہیں۔ ڈی پی او نے بتایا کہ فارم ہاو¿س کا مالک فرار ہو گیا ہے جس پر عدالت نے کہا کہ فارم ہاو¿س کے مالک کو فرار نہیں ہونا چاہیے تھا، کیا کیا برآمد ہوا تھا؟ شراب کی بوتلیں برآمد ہوئی ہیں، ایس ایچ او کو فارم ہاو¿س کے مالک کے ساتھ ملی بھگت کی وجہ سے نوکری سے فارغ کرنے کی سفارش کی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بھی پیش ہوں گے، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بتائیں گے دنیا میں کسی زیر حراست ملزم کو ایکسپوز کرنے کا قانون موجود ہے؟ لاہور ہائیکورٹ نے قصور پولیس کے تفتیشی افسر صادق، کانسٹیبل اور ایس ایچ او کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر کیوں نہ پولیس والوں کو 6 ماہ کیلئے جیل بھیج دیا جائے۔
کس نے پولیس کو اختیار دیا لوگوں کو گنجا کرکے ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کریں؟ ہائیکورٹ
















