ممبئی (مشرق نیوز) بالی ووڈ کے مشہور اداکار سلمان خان کو ایک اور جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔ بھارتی میڈیا کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق یہ دھمکی پیر کے روز واٹس ایپ کے ذریعے ممبئی کے ورلی ٹریفک ڈپارٹمنٹ کے آفیشل نمبر پر بھیجی گئی ہے۔ پیغام میں کہا گیا کہ سلمان خان کو ان کے گھر میں قتل کر دیا جائے گا اور ان کی کار کو بم سے اڑا دیا جائیگا۔
ممبئی پولیس اس معاملے پر فوری طور پر حرکت میں آگئی اور نامعلوم شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ سکیورٹی اداروں نے سلمان خان کی رہائش گاہ کے اردگرد حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دئیے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ جب سلمان خان کو اس نوعیت کی دھمکیاں موصول ہوئی ہوں۔ اس سے قبل بھی انہیں مختلف طریقوں سے قتل کی دھمکیاں دی جاچکی ہیں جس کے بعد اداکار کی سکیورٹی میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس واقعہ کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے، جبکہ خفیہ ایجنسیاں بھی اس دھمکی کے پیچھے موجود عناصر کا سراغ لگانے میں مصروف ہیں۔
گاڑی اڑا دیں گے، سلمان خان کو ایک مرتبہ پھر قتل کی دھمکی موصول

















