چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سمیت 3ججز کو کام سے روکنے کی استدعا مسترد

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سمیت 3ججز کو کام سے روکنے کی استدعا مسترد،سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے سینیارٹی کیس میں 3 ججز، اٹارنی جنرل اور جوڈیشل کمیشن کو نوٹس جاری کردئیے۔

آئینی بنچ میں ججز ٹرانسفر کیخلاف کیس پر سماعت ہوئی،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس د ئیے پہلے ججز کی درخواست سننا بہتر ہوگا، رولز کے مطابق بھی سینئر وکیل کو پہلے سنا جانا چاہیے،کیس میں 2اہم نکات ججز کا تبادلہ ہوا،سینیارٹی کیا ہوگی؟۔

عدالت نے ریمارکس دئیے سول سروس ملازمین کے سینیارٹی رولز اپلائی نہیں ہوں گے، دیکھنا ہے کیا سینیارٹی پرانی ہائیکورٹ والی چلے گی یا تبادلے کے بعد نئی ہائیکورٹ سے سینیارٹی شروع ہوگی؟،جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا آپ کا اعتراض تبادلے پر ہے یا سینیارٹی میں تبدیلی پر؟ منیر اے ملک نے جواب دیااعتراض دونوں معاملات پر ہے۔

جسٹس علی مظہر نے کہا جج کا تبادلہ آئین کے آرٹیکل 200 کے تحت ہوا وہ پڑھ دیں، منیر اے ملک نے عدالتی ہدایت پر آرٹیکل 200 پڑھا، عدالت نے کہا آئین کے مطابق تبادلے کیلئے جج کی رضامندی ضروری ہے، دونوں متعلقہ ہائیکورٹس کے چیف جسٹس کی رضامندی بھی لازم ہے،منیر اے ملک نے کہا جج کا تبادلہ عارضی طور پر ہو سکتا ہے ہمارا اعتراض یہی ہے، عدالت نے ریمارکس دئیے اگر ایسا ہوتا تو آئین میں لکھا ہوتا وہاں تو عارضی یا مستقل کا ذکر ہی نہیں، جسٹس علی مظہر نے کہا آئین میں صرف اتنا لکھا ہے صدر جج کا تبادلہ کر سکتے ہیں۔

منیر اے ملک نے موقف اپنایا صدر مملکت کے پاس ججز تبادلوں کا لامحدود اختیار نہیں، ججز تقرری کے آرٹیکل 175 اے کےساتھ ملا کر معاملے کو پڑھنا ہوگا،آئین کے مطابق تمام ججز کےساتھ یکساں سلوک کیا جانا چاہیے۔

جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیےآپ کی درخواست میں کام کرنے سے روکنے کی استدعا ہی نہیں اگر ججز کے تبادلوں میں اضافی مراعات ہوتیں تو اعتراض بنتا تھا،صدر خود سے ججز کے تبادلے کرے تو سوال اٹھے گا لیکن چیف جسٹس کی سفارش پر تبادلے آئین کے مطابق ہیں،صدر مملکت کے پاس ججز کے تبادلوں کا اختیار ہے،آئینی بنچ نے قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر ،جسٹس خادم حسین اور جسٹس آصف کو کام سے روکنے کی استدعا مسترد کردی اور 3ججز،متعلقہ ہائیکورٹس کے رجسٹرارز ، اٹارنی جنرل کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے مزید سماعت کو 17 اپریل تک ملتوی کر دیا۔